سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید احمد سے تاجران پشاور سٹی کے نمائندہ وفد کی ملاقات

جمعہ 17 اکتوبر 2025 17:23

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2025ء) سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید احمد سے جمعہ کو ظفر خٹک کی قیادت میں تاجران پشاور سٹی کے نمائندہ وفد نے ملاقات کی۔ کپیٹل سٹی پولیس پشاور تر جمان کے مطابق ملاقات میں شہر کی سکیورٹی، امن و امان، ٹریفک کے مسائل اور باہمی تعاون کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔سی سی پی او پشاور نے کہا کہ کپیٹل سٹی پولیس تاجروں کو درپیش مسائل سے بخوبی آگاہ ہے اور ان کے حل کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

تاجر برادری ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور ہمیشہ پولیس کے شانہ بشانہ کھڑی رہی ہے، جسے قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔وفد نے بازاروں کی سکیورٹی، ٹریفک نظم و ضبط اور آئی ہوٹل واچ ایپ سے متعلق تجاویز پیش کیں، جن پر سی سی پی او نے فوری اور ترجیحی اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ گنجان بازاروں میں پولیس گشت بڑھانے اور ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے ۔صدر ظفر خٹک کی قیادت میں آنے والے وفد میں گل زمان، دانش خان، سلیم رحمان، نقاف، شہزاد اور ترابی سمیت دیگر تاجر رہنما بھی شریک تھے۔