مٹر کے کاشتکار زمین کی تیاری اور بیج کے درست استعمال پر عمل کریں، محکمہ زراعت سیالکوٹ

ہفتہ 18 اکتوبر 2025 14:48

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2025ء) محکمہ زراعت سیالکوٹ نے مٹر کے کاشتکاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ کاشت سے قبل زمین کو اچھی طرح تیار کریں، زمین میں ہل چلا کر اور سہاگہ پھیر کر اسے ہموار بنائیں تاکہ فصل کی بہتر پیداوار حاصل ہو سکے۔زراعت آفیسر مرکز کینٹ عمار عبداللہ نے اے پی پی کو بتایا کہ مٹر کی کاشت سے ایک ماہ قبل گوبر کی گلی سڑی کھاد 10 ٹن فی ایکڑ کے حساب سے ڈالیں اور ہل چلا کر اسے زمین میں اچھی طرح ملانے کے بعد آبپاشی کریں۔

(جاری ہے)

وتر آنے پر کھیت میں دو یا تین مرتبہ ہل چلا کر سہاگہ دیں تاکہ زمین نرم اور ہموار ہو جائے۔انہوں نے بتایا کہ اگیتی اقسام کی کاشت کے لیے 30 تا 35 کلوگرام بیج فی ایکڑ جبکہ درمیانی اقسام کے لیے 20 تا 25 کلوگرام بیج فی ایکڑ استعمال کریں۔ بوائی کے لیے زمین میں تین فٹ چوڑی پٹریاں بنا کر دونوں جانب بیج کاشت کیے جائیں۔عمار عبداللہ نے کہا کہ مٹر کی زیادہ پیداوار کے لیے کھیت میں ایک بوری یوریا، ڈیڑھ بوری سپر فاسفیٹ اور ایک بوری پوٹاشیم سلفیٹ فی ایکڑ استعمال کریں۔ زمین کی تیاری کے وقت سپر فاسفیٹ اور پوٹاشیم سلفیٹ کی مکمل مقدار اور یوریا کی ایک تہائی مقدار ڈالنے سے فصل کی نشوونما بہتر ہو گی اور پیداوار میں اضافہ ہوگا۔