فوڈ اتھارٹی مظفرآباد کی کارروائی، زائد المیعاد اشیائے خوردونوش کی فروخت پر بیکری سیل

اتوار 19 اکتوبر 2025 18:40

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2025ء) فوڈ اتھارٹی مظفرآباد نے گڑھی دوپٹہ بازار میں کارروائی کرتے ہوئے زائد المیعاد اشیائے خوردونوش کی فروخت پر بیکری سیل کردی۔ تفصیلات کے مطابق ایک شہری کی شکایت پر فوڈ اتھارٹی مظفرآباد نے فوری کارروائی کرتے ہوئے موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری، فوڈ ٹیکنالوجسٹ اور اسسٹنٹ فوڈ سیفٹی آفیسر کو گڑھی دوپٹہ بازار روانہ کیا۔

(جاری ہے)

شہری نے اطلاع دی تھی کہ مقامی دکاندار سے خریدا گیا جوس پیک بچوں کے پینے کے بعد طبیعت کی خرابی اور الٹی کا باعث بنا۔ فوڈ اتھارٹی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر معائنہ کیا تو لیبارٹری ٹیسٹ رپورٹ کے مطابق جوس کا برِکس لیول معمول سے کم، بدبو دار اور کوالٹی پیرامیٹرز پر غیر معیاری پایا گیا تاہم اسی برانڈ اور بیچ کے دیگر جوس پیکس جو دکان اور ڈسٹری بیوٹر کے پاس موجود تھے، موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیب کے ذریعے موقع پر چیک کیے گئے جن کے برِکس لیول درست، بدبو سے پاک اور معیار کے مطابق پائے گئے۔ معائنے کے دوران فوڈ اتھارٹی ٹیم کو بیکری میں زائد المیعاد مصنوعات بھی فروخت کے لیے رکھی ہوئی ملیں جس پر بیکری کو موقع پر سیل کر دیا گیا۔

متعلقہ عنوان :