پارلیمان تمام مذاہب کے ماننے والوں کے درمیان ہم آہنگی کے فروغ میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی،سپیکر

پیر 20 اکتوبر 2025 12:38

پارلیمان تمام مذاہب کے ماننے والوں کے درمیان ہم آہنگی کے فروغ میں اپنا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2025ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ رواداری، باہمی احترام اور برداشت پر مبنی معاشرہ ہی حقیقی ترقی کا ضامن ہے،پارلیمان تمام مذاہب کے ماننے والوں کے درمیان ہم آہنگی کے فروغ میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔

(جاری ہے)

پیر کو دیوالی کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے ہندو برادری سے تعلق رکھنے والے پارلیمنٹیرینز اور پاکستان سمیت دنیا بھر کی ہندو برادری کو دیوالی کی مبارکباد دی اور کہا کہ دیوالی امن، محبت اور روشنیوں کا تہوار ہے،پاکستان میں بسنے والے تمام مذاہب کے ماننے والوں کو مساوی حقوق حاصل ہیں،پارلیمان ملک میں بسنے والے تمام مذاہب کے ماننے والوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ قومی یکجہتی اور مذہبی ہم آہنگی پاکستان کے استحکام و ترقی کی ضامن ہیں،پاکستان کا آئین اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کی ضمانت دیتا ہے ،پاکستان میں ہر شہری کو اپنے مذہبی عقائد اور رسومات کے مطابق زندگی بسر کرنے کی مکمل آزادی حاصل ہے، ملکی تعمیر و ترقی میں اقلیتی برادری کا کردار قابلِ ستائش ہے۔