جماعتِ اسلامی ضلع ٹنڈو محمد خان کی جانب سے دھان کی قیمتوں میں کمی اور ناجائز کٹوتیوں کے خلاف ریلی اوراحتجاجی مظاہرہ کیا گیا

پیر 20 اکتوبر 2025 17:10

ٹنڈو محمد خان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2025ء) جماعتِ اسلامی ضلع ٹنڈو محمد خان کی جانب سے دھان کی قیمتوں میں کمی اور ناجائز کٹوتیوں کے خلاف ضلع پریس کلب کے سامنے ایک ریلی نکالی گئی اور پرامن احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ احتجاج میں جماعتِ اسلامی کے کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔مظاہرے کی قیادت جماعتِ اسلامی ضلع ٹنڈو محمد خان کے امیر حافظ ابو نعمان، پیر مسلم جان سرہندی، اکرم بیگ اور دیگر رہنماں نے کی۔

اس موقع پر مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ رائس مِلز مافیا اور مقامی دھان کے تاجروں نے گٹھ جوڑ کرکے دھان(چاول)کی قیمتوں میں مصنوعی کمی کی ہے، جس کی وجہ سے کاشتکار طبقہ شدید پریشانی میں مبتلا ہے۔ ایک طرف حکومت زرعی شعبے کی ترقی کے دعوے کر رہی ہے، لیکن عملی طور پر کاشتکار اور کسان طبقہ ہر سال معاشی مشکلات کا شکار ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس وقت دھان کی فی ایکڑ پیداوار پر اخراجات میں بہت زیادہ اضافہ ہو چکا ہے، جن میں بیج، ڈیزل، کھاد اور مزدوری کے نرخ شامل ہیں، مگر اس کے برعکس فصل کی قیمت کم رکھی گئی ہے۔

اس صورتحال میں کسان اور مزدور طبقہ بدحالی اور قرضوں کے بوجھ تلے دبا ہوا ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر دھان کی سرکاری قیمت 4000 روپے فی من مقرر کرے اور ان رائس مِل مالکان کے خلاف کارروائی کرے جو کاشتکاروں کے ساتھ زیادتیاں کر رہے ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ دھان (چاول) کی فصل سے ناجائز کٹوتیاں ختم کی جائیں اور کاشتکاروں کو ان کی محنت کا جائز معاوضہ دیا جائے۔ آخر میں جماعتِ اسلامی کے رہنماں نے خبردار کیا کہ اگر حکومت اور انتظامیہ نے فوری اقدامات نہ کیے تو احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا اور ضلع سمیت صوبائی سطح پر بڑے مظاہرے کیے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :