نرگس کی مولانا طارق جمیل سے ملاقات، ایک دوسرے سے دعائوں کی درخواست

پیر 20 اکتوبر 2025 19:29

نرگس کی مولانا طارق جمیل سے ملاقات، ایک دوسرے سے دعائوں کی درخواست
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2025ء) ماضی کی مقبول ڈانسر و اسٹیج اداکارہ نرگس اورمولانا طارق جمیل کے درمیان ملاقات کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جس پر صارفین نے دلچسپ تبصرے بھی کیے۔وائرل ویڈیو ابتدائی طور پر اداکارہ نرگس نے اپنے انسٹاگرام پر شیئر کی، جہاں سے اسے دیگر سوشل میڈیا پیجز کی جانب سے بھی شیئر کیا گیا۔

ویڈیو میں دونوں کو ایک کمرے میں کرسیوں پر ایک دوسرے کے سامنے بیٹھا دیکھا جا سکتا ہے، اداکارہ نرگس نے حجاب اور عبایہ پہن رکھا ہے۔ویڈیو میں نرگس نے بتایا کہ ان کی کافی عرصے بعد مولانا طارق جمیل کے ساتھ سعودی عرب میں ملاقات ہوئی اور دونوں اس وقت مکہ ٹاور میں موجود ہیں۔ویڈیو میں انہوں نے بتایا کہ وہ مولانا طارق جمیل کی بہت بڑی مداح ہیں، ان کی وجہ سے ہی وہ راہ راست پر آئیں اور ان کی زندگی بدلنے میں مولانا صاحب کا بڑا کردار ہے۔

(جاری ہے)

اداکارہ نے مولانا طارق جمیل سے التجا کی کہ وہ ان کی بہتر زندگی کے لیے دعائیں کریں جب کہ نرگس نے اپنے شوہر اور بچوں کی بہتری کے لیے بھی مولانا صاحب کو دعاوں کی اپیل کی۔اداکارہ نے مولانا طارق جمیل کو یہ بھی بتایا کہ ان کے شوہر بھی کچھ عرصہ قبل حج کی سعادت حاصل کر کے گئے ہیں۔نرگس کی درخواست پر مولانا طارق جمیل نے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اداکارہ کی زندگی تبدیل ہوگئی، وہ سیدھی راہ پر آگئیں اور بہت اچھے کام کر رہی ہیں۔

مولانا طارق جمیل نے نرگس کی تعریفیں کیں کہ انہوں نے اپنے بیوٹی پارلر کی تمام ملازمین لڑکیوں کو عمرہ اور حج کروایا ہے، یہ نیک عمل ہے۔ساتھ ہی مولانا طارق جمیل نے بتایا کہ نرگس نے مسجد کی بھی تعمیر کروائی ہے جو کہ اچھا کام ہے۔اسی دوران مولانا طارق جمیل نے بھی نرگس کو درخواست کی کہ وہ انہیں اپنی دعائوں میں یاد رکھا کریں، وہ ان کے لیے دعائیں کیا کریں، اس پر اداکارہ نے کہا کہ وہ ہمیشہ انہیں یاد رکھتی ہیں اور ان کے لیے دعائیں کرتی ہیں۔دونوں کی ملاقات کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد صارفین نے دلچسپ تبصرے کرتے ہوئے دونوں کو اسلامی تعلیمات پر مکمل طور پر عمل کرنے کا مشورہ بھی دیا۔