ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کی پیشگوئی، پنجاب میں اسموگ برقرار رہنے کا امکا

پیر 3 نومبر 2025 19:44

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 نومبر2025ء) محکمہ موسمیات نے ملک کے چند علاقوں میں بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں سرد رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مسلسل خشک موسم اور فضائی آلودگی کے باعث پنجاب کے مختلف اضلاع اسموگ کی لپیٹ میں رہنے کی توقع ہے، شہریوں کو صحت کے تحفظ کے لیے ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں موسم خشک اور قدرے سرد رہنے کا امکان ہے، جبکہ مری، گلیات اور گرد و نواح میں بھی موسم خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔پنجاب کے مختلف اضلاع جن میں لاہور، گوجرانوالہ، قصور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، خانیوال، ساہیوال، رحیم یار خان، بہاولپور اور ملتان شامل ہیں، میں اسموگ برقرار رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ماسک کے استعمال، غیر ضروری سفر سے گریز اور گاڑیوں کی دیکھ بھال کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے تاکہ فضائی آلودگی کے اثرات کو کم کیا جا سکے۔