رواں سیزن پنجاب میں گندم کی کاشت کا ہدف ایک کروڑ 65 لاکھ ایکڑ، گندم کی کاشت کی رفتار حوصلہ افزاہے،افتخار علی سہو

پیر 10 نومبر 2025 18:51

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 نومبر2025ء) سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہونے کہا کہ رواں سیزن پنجاب میں گندم کی کاشت کا ہدف ایک کروڑ 65 لاکھ ایکڑ جبکہ ملتان ڈویژ ن میں تقریباً 18 لاکھ ایکڑ مقرر کیا گیا ہے اور اس وقت صوبہ بھر میں گندم کی کاشت کی رفتارحوصلہ افزا ہے۔ان خیالات کااظہارانہوں نے پیرکوملتان میں محکمہ زراعت پنجاب اور پرائیویٹ سیکٹر کے اشتراک سے منعقدہ میگا فارمر کنونشن سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

افتخار علی سہو نے کہاکہ گندم کی کاشت اور پیداوار کے مقررہ اہداف کے حصول کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو بھرپور اور فعال عملی کردار ادا کرنا ہو گا، ملکی فوڈ سکیورٹی کے لیے گندم ناگزیر ہے، پاکستان کی مجموعی گندم کی ضروریات کا 70 فیصد حصہ پنجاب پیدا کرتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہاکہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں آئندہ گندم کی خریداری 3500 روپے فی من کریں گی جبکہ 62 لاکھ میٹرک ٹن گندم کے اسٹریٹجک ذخائر کے لیے خریداری کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

سیکرٹری زراعت پنجاب نے کہاکہ مارکیٹوں میں گندم کا تصدیق شدہ بیج 5500 روپے فی بیگ دستیاب ہے، کاشتکار بہتر پیداوار کے حصول کے لیے صرف تصدیق شدہ بیج استعمال کریں۔انہوں نے مزیدکہاکہ کھادوں کے متناسب و متوازن استعمال کے بغیر پیداواری اہداف کا حصول ممکن نہیں، 1700 سے زائد انٹرنیز اور زرعی یونیورسٹیوں کے پانچ ہزار سے زائد طلبہ گندم کی کاشت کے اہداف کے حصول کے لیے کاشتکاروں کی رہنمائی میں محکمہ زراعت کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔

سیمینارمیں زرعی ماہرین نے کاشتکاروں کو گندم کی جدید پیداواری ٹیکنالوجی بارے تفصیلی آگاہی فراہم کی۔ اس موقع پر نجی کھاد کمپنی کی جانب سے گندم کے پیداواری مقابلوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے کاشتکاروں میں ٹریکٹرز، موٹر سائیکلیں اور ایل سی ڈیز کے انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔تقریب میں سابق ایم پی اے رانا اعجاز احمد نون، ممبرپنجاب اسمبلی رانا اقبال سراج، سپیشل سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب سرفراز حسین مگسی، ڈپٹی کمشنرملتان وسیم حامد سندھو، ڈائریکٹر جنرلز محکمہ زراعت پنجاب عبدالحمید، نوید عصمت کاہلوں، ڈاکٹر عامر رسول، کنسلٹنٹ محکمہ زراعت پنجاب ڈاکٹر محمد انجم علی، صدر کسان اتحاد خالد کھوکھر، شازیہ حیات خاکوانی سمیت کاشتکاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔