گندم کی بروقت کاشت، کھاد کی دستیابی، پانی اور بیج کی فراہمی پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے، ڈائریکٹر زراعت سرگودھا

اتوار 16 نومبر 2025 15:10

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 نومبر2025ء) سرگودہا ڈویژن میں گندم کی بوائی بھرپور انداز میں جاری ہے اور اب تک مقرر کردہ ہدف کا 57 فیصد حاصل کیا جا چکا ہے۔ ان خیالات کا اظہار ڈائریکٹر زراعت سرگودھا ڈویژن محمد شاہد حسین نے ڈویژنل گندم کمیٹی کے اجلاس میں کیا۔ اجلاس میں چاروں اضلاع کے ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت اور کاشتکاروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

ڈائریکٹرزراعت محمد شاہد حسین نے کہا کہ گندم پاکستان کی اہم بنیادی فصل ہے، اس لیے کسانوں کی رہنمائی اور معاونت میں کوئی کمی نہیں کہ جا رہی۔ انہوں نے کہا کہ نمبرداران کے ذریعے سرکاری رقبوں پر بھی زیادہ سے زیادہ گندم کاشت کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ نہوں نے بتایا کہ جامعہ سرگودہا کے زیر اہتمام بین الاقوامی گندم کانفرنس 16 اور 17 دسمبر 2025ء کو منعقد ہوگی۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر زراعت نے کہا کہ 35 سو روپے گندم کی امدادی قیمت مقرر ہونے سے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں اور کاشتکار بھرپور جذبے کے ساتھ بوائی کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ صوبہ بھر میں امسال 62 لاکھ ٹن گندم خریدنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔ تصدیق شدہ بیج 55 روپے فی بیگ کے حساب سے دستیاب ہے جبکہ پنجاب سیڈ کارپوریشن کے پاس بھی بیج کی وافر مقدار موجود ہے۔

محمد شاہد حسین نے کہا کہ اس سال تین نئی گندم کی اقسام بھی متعارف کرائی گئی ہیں جن سے بہتر پیداوار متوقع ہے۔ ڈائریکٹر زراعت نے کہا کہ نہری پانی کی فراہمی میں کوئی مسئلہ درپیش نہیں۔ تمام نہریں معمول کے مطابق بہہ رہی ہیں اور سرگودہا ریجن میں کسانوں کو اولین اور آخری پانی کی دستیابی یقینی بنائی گئی ہے اور ڈویڑن بھر میں کھاد بھی وافر مقدارمیں کنٹرول ریٹس پر دستیاب ہے۔ انہوں نے کہا کہ گندم کی بروقت کاشت، کھاد کی دستیابی، پانی اور بیج کی فراہمی پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے تاکہ کسانوں کو کسی قسم کی دشواری نہ ہو۔