کاشتکار20نومبرتک گندم کی کاشت یقینی بنائیں ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت

پیر 17 نومبر 2025 11:40

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 نومبر2025ء) محکمہ زراعت توسیع فیصل آباد کے ڈپٹی ڈائریکٹرحافظ عدیل احمد نے کاشتکاروں کوہدایت کی ہے کہ وہ20نومبرتک گندم کی کاشت یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ گندم کی اچھی پیداوار حاصل کرنے کے لیے کاشت کا موزوں ترین وقت یکم تا 20 نومبر ہے تاہم 30 نومبر تک ہر صورت میں کاشت مکمل کر لی جائے۔انہوں نے کہا کہ پچھتی کاشت30 نومبر کے بعد سے 10 دسمبر تک 55 کلو گرام بیج فی ایکڑہی استعمال کیاجائے۔

انہوں نے کہاکہ کاشتکار سفارش کردہ گندم کی اقسام ہی کاشت کریں تاکہ گندم کی کاشت سمیت پیداوار کا مقررہ ہدف حاصل کرنے میں مدد مل سکے۔انہوں نے بہتر پیداوار کے حصول کیلئے زمینداروں و کاشتکاروں کو ناقص و ممنوعہ بیج کی کاشت سے اجتناب کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ زمیندار و کاشتکار ماہرین زراعت اور محکمہ زراعت کی جانب سے سفارش کردہ و منظور شدہ گندم کی اقسام ہی کاشت کریں تاکہ بعد ازاں انہیں کسی مالی نقصان، مشکل یا پریشانی کا سامنا نہ کرناپڑے اور حکومت کو بھی گندم کی کاشت و پیداوار کے مقرر کر دہ اہداف حاصل کرنے میں کسی رکاوٹ سے دو چار نہ ہونا پڑے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ زراعت ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے جبکہ ملک کی دو بڑی صنعتوں کی بنیاد بھی زراعت پر ہی ہے لہٰذا زرعی شعبہ میں ترقی کیلئے زمینداروں، کاشتکاروں کو جدید تحقیقات کو اپنانا ہو گا تاکہ روائتی و فرسودہ طریقہ زراعت و کاشت کو خیر باد کہتے ہوئے پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں لاکھڑاکیاجاسکے۔ انہوں نے بتایاکہ ناقص، غیر معیاری، ممنوعہ بیجوں کا استعمال زراعت کیلئے انتہائی نقصان کا باعث ہے۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب سیڈ کارپوریشن مطلوبہ مقدار میں زرعی اجناس کابیج فراہم کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کا رلارہی ہے تاہم اگر زمینداروں یا کاشتکاروں کے پاس بیج کا ذخیرہ موجود ہو تو وہ اسے مفت محکمہ زراعت سے گریڈ کروا کر بھی کاشت کر سکتے ہیں۔