فیصل آباد ڈویژن کے لئے مقررہ رقبے پر گندم کی کاشت کے ہدف کا50فیصد مکمل

پیر 17 نومبر 2025 11:50

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 نومبر2025ء) ڈویژنل ڈائریکٹر ایگریکلچر ایکسٹینشن فیصل آباد چوہدری خالد محمودنے کہا ہے کہ فیصل آباد ڈویژن کے لئے مقررہ رقبے پر گندم کی کاشت کے ہدف کا50فیصدکے قریب مکمل کرلیا گیاہے اور باقی ہدف کی تکمیل جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں ایک کروڑ65 لاکھ ایکڑسے زائدرقبے کو گندم کے زیر کاشت لایا جا رہا ہے اورسرکاری رقبوں پر 100 فیصد گندم کی کاشت یقینی بنائی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کاشتکاروں کوگندم کے تصدیق شدہ بیج کی فراہمی بھی یقینی بنارہی ہے تاکہ کاشتکار زیادہ سے زیادہ رقبے پر گندم کاشت کرکے بھرپور منافع کماسکیں۔انہوں نے کہا کہ کاشتکار زیادہ گندم اگاؤ مہم میں منظور شدہ اقسام کاشت کریں اور گندم کی کاشت 20 نومبر تک مکمل کرلیں جبکہ محکمانہ سفارشات پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت گندم کے کاشتکاروں کے مفادات کا تحفظ یقینی بنانے کے لئے ترجیحی اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ امسال گندم کی فصل میں فاسفورسی کھاد کا استعمال دوگنا ہو گیا ہے اور زیادہ رقبہ پرگندم کی بروقت کاشت سے فی ایکڑپیداوار میں اضافہ ہو گا۔انہوں نے فرٹیلائزر کمپنیوں کے نمائندگان اور فرٹیلائزر ڈیلرز پر زور دیا کہ وہ حکومت پاکستان کے گرین انیشی ایٹو پروگرام کو کامیاب بنانے میں ہراول دستے کا کردار ادا کریں اور کاشتکاروں کو معیاری کھادوں کی کنٹرول نرخوں پر بروقت دستیابی یقینی بنائیں تا کہ گندم کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ سے زرعی خود کفالت کے حصول کو ممکن بنایا جا سکے۔

انہوں نے بتایا کہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے طلبا، اساتذہ اور محکمہ زراعت توسیع کا عملہ ’’زیادہ گندم اگاؤ مہم‘‘ کے تحت کاشتکاروں کے ڈیروں پرجا کر انہیں جدید ٹیکنالوجی سے متعلق آگاہی فراہم کررہا ہے جبکہ گندم اگاؤ مہم کے تحت ماہرین ڈویژن بھر میں کاشتکاروں کے ڈیروں میں جا کر انہیں گندم کے وقت کاشت، ڈرل کاشت،ترقی دادہ اقسام، کھادوں کے متوازن استعمال، زیرو ٹیلج اور دیگر زرعی امور بارے آگاہی فراہم کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ زرعی ماہرین کی مشاورت اور فرٹیلائزرڈیلرز کی کھادوں کی بروقت فراہمی سے گندم کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ ہو گا جس سے کاشتکار خوشحال اور ملکی معیشت کی بحالی ممکن ہو گی۔