محکمہ زراعت نے گندم کی بمپر کراپ کے حصول کیلئے جدید پیداواری حکمت عملی پر عملدرآمد تیز کر دیا،ڈائریکٹر زراعت

جمعہ 21 نومبر 2025 14:00

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2025ء) ڈویژنل ڈائریکٹرمحکمہ زراعت توسیع فیصل آبادچوہدری خالد محمود نے کہا کہ محکمہ زراعت نے گندم کی بمپر کراپ کے حصول کےلئے جدید پیداواری حکمت عملی پر عملدرآمد تیز کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں کھادوں سمیت دیگر زرعی لوازمات کی بروقت دستیابی پر بھر پور توجہ مرکوزکی گئی ہے اور پنجاب کے تمام اسسٹنٹ کمشنرز، ڈسٹرکٹ آفیسرز ایگریکلچر و زراعت افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ گندم کی بمپر کراپ کے حصول کیلئے تمام متعلقہ زرعی لوازمات کی کاشتکاروں کو بروقت فراہمی یقینی بنائیں تاکہ رواں سال کیلئے گندم کی کاشت کاہدف مکمل کرکے مقررہ پیداواری ہدف حاصل کیاجاسکے۔

انہوں نے بتایاکہ پاکستان کے قدرتی ماحول، آب و ہوا اور زرخیز زمینوں کی بدولت گندم کی پیداوار میں اضافہ کا رجحان دیکھنے میں آیا ہے جبکہ ہمارے پاس گند م کی ایسی اقسام موجود ہیں جو زیادہ پیداواری صلاحیت کے علاوہ ناموافق موسمی حالات کا مقابلہ کرنے کی بھی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بہتر منصوبہ بندی اور جدید پیداواری ٹیکنالوجی پر عملدرآمد کرکے گندم کی فی ایکڑ پیداوار حاصل کی جاسکتی ہے۔