ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد میں ورلڈ سائل ڈے منایا گیا

جمعہ 5 دسمبر 2025 19:06

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 دسمبر2025ء) ہر سال 5 دسمبر کو ورلڈ سائل ڈے کے طور پر منایا جاتا ہے۔ اس سلسلہ میں ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد میں شعبہ سائل کیمسٹری اینڈ انوائرنمنٹل سائنسز کے علاوہ سائل سوسائٹی آف پاکستان اور اینگرو فرٹیلائزرز پاکستان کے باہمی اشتراک سے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں مٹی کے تحفظ، زمین کی زرخیزی میں بہتری، فصلوں کی پیداوار میں اضافہ اور پائیدار زرعی ترقی کے حوالے سے سفارشات پیش کی گئیں۔

چیف سائنٹسٹ ایگریکلچرل ریسرچ پنجاب ڈاکٹر ساجد الرحمن نے تقریب کی صدارت کی۔ چیف سائنٹسٹ شعبہ گندم ڈاکٹر جاوید احمد، چیف سائنٹسٹ شعبہ سائل کیمسٹری اینڈ انوائرنمنٹل سائنسز پنجاب لاہور ڈاکٹر سرفراز حسین، چیف سائنٹسٹ شعبہ سائل کیمسٹری و نیشنل کوآرڈینیٹر کلائمیٹ چینج سنٹرڈاکٹر عابد نیاز، چیف سائنٹسٹ ریفرنس لیبارٹری کالا شاہ کاکو ڈاکٹر عبداللہ نیاز، ڈائریکٹر زرعی اطلاعات ڈاکٹر آصف علی، ڈاکٹر محمد عارف، ڈاکٹر محمد امجد قریشی، ڈاکٹر ثمرین صدیق، ڈاکٹر عفرا سلیم، ڈاکٹر قدسیہ نذیر، ڈاکٹر رانا اسلم، ڈاکٹر حنا جاوید، ڈاکٹر اللہ نواز، ڈاکٹر عرفان الحق، ڈاکٹر عبد المجید، اینگرو فرٹیلائزرز پاکستان کے ریجنل منیجر ڈاکٹر عمران احمد، ڈاکٹر محمد آفتاب سمیت دیگر سائنسدانوں اور زرعی ماہرین نے اس تقریب میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ساجد الرحمن نے کہا کہ مٹی غذائی اجناس کے خوراکی اجزاء کے حصول کیلئے انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ مٹی کی صحت برقرار رکھنا ملکی غذائی تحفظ کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی یوم مٹی جیسے ایونٹس عوام اور کسانوں میں زمین کی زرخیزی بحال کرنے کے لئے آگاہی پیدا کرنے کے ساتھ تحقیق کے فروغ اور عملی اقدامات کے لئے بنیاد فراہم کرتے ہیں۔

ڈاکٹر سرفراز حسین، ڈاکٹر عابد نیاز، ڈاکٹر جاوید احمد،ڈاکٹر عبداللہ نیاز اور عفراء سلیم جائنٹ سیکرٹری سائل سوسائٹی آف پاکستان نے اپنے اپنے پیغامات میں بتایا کہ مٹی کے کٹاؤ، زرخیزی میں کمی اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کے لئے جدید تحقیق کے نتائج و دیگر سفارشات کاشتکاروں کی دہلیز تک پہنچانے کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔

تقریب کے دوران مہمانوں میں یادگاری شیلڈز اور سرٹیفکیٹ تقسیم کئے گئے۔ عالمی یوم مٹی کے حوالے سے آگاہی ریلی نکالی گئی جس میں شرکانے بینرز اور پلے کارڈز کے ساتھ مٹی کے تحفظ کا پیغام عام کیا۔ تقریب کے اختتام پر ماحول کے تحفظ کے لئے پودے لگائے گئے اور ماحول دوستی کے عملی عزم کا اظہار کیا گیا۔ شرکانے امید ظاہر کی کہ ایسے علمی و تحقیقی پروگرام مستقبل میں بھی جاری رکھے جائیں گے۔ اس سلسلہ میں ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد کے زرعی سائنسدان اور پرائیویٹ سیکٹر پاکستان کی زراعت کی ترقی، مٹی کے تحفظ اور پائیدار زراعت کے نظام کے تحفظ میں اہم کردار ادا کرتے رہیں گے۔