وزیر زراعت سے چینی زرعی مشینری بنانے والے وفد کی ملاقات،صوبہ میں جدید زرعی مشینری پلانٹس لگانے پر تبادلہ خیال

جمعہ 19 دسمبر 2025 20:41

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 دسمبر2025ء) چین کی جدید زرعی مشینری بنانے والی کمپنیوں کے وفد نے ایگریکلچر ہائوس لاہور کا دورہ کیا اور وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی وسیکرٹری زراعت افتخار علی سہو سے ملاقات کی۔ملاقات میں صوبہ پنجاب میں جدید زرعی مشینری کے پلانٹس لگانے اور زرعی میکانائزیشن کے فروغ کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل زرعی اطلاعات پنجاب نوید عصمت کاہلوں اور چیف ٹیکنیکل ایڈوائزر ایگریکلچر ڈلیوری یونٹ حافظ عبد الرحمن بھی موجود تھے۔ وزیر زراعت نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کے ویژن کے مطابق صوبہ میں فارم میکانائزیشن کے فروغ کے لیے متعدد عملی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، چینی زرعی مشینری بنانے والی کمپنیوں کے لیے خصوصی سہولتیں فراہم کی جائیں گی تاکہ پنجاب میں جدید زرعی ٹیکنالوجی کا فروغ ممکن ہو۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پنجاب کا زرعی شعبہ ملکی معیشت میں 70 فیصد حصہ رکھتا اور گزشتہ دو سالوں میں پنجاب کی زرعی میکانائزیشن پر 35 ارب روپے کی سرمایہ کاری کی گئی ہے، کاشتکاروں کو جدید زرعی مشینری کی 60 فیصد سبسڈی پر فراہمی بھی جاری ہے۔سید عاشق حسین کرمانی نے مزید کہا کہ وزیراعلی پنجاب صوبے میں زراعت کو ٹرانسفارم کرنے کے لیے فیاضانہ وسائل فراہم کر اور متعدد چینی کمپنیاں جدید زرعی مشینری کے پلانٹس لگانے کے لیے حکومت پنجاب سے قریبی روابط میں ہیں۔

سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے کہا کہ چین جدید زرعی ٹیکنالوجی میں عالمی سطح پر لیڈر اور زراعت سے متعلقہ انڈسٹری کا پنجاب میں بڑا سکوپ موجود ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چینی کمپنیوں کے ساتھ زراعت کے شعبے کی ترقی کے لیے مفاہمتی یادداشتیں حتمی مراحل میں ہیں۔ملاقات کے دوران چینی وفد نے کہا کہ پنجاب میں جدید زرعی مشینری کی تیاری کے پلانٹس لگائے جائیں گے اور ان کی کمپنی کی تیار کردہ مشینری پہلے ہی 25 ممالک میں برآمد کی جاتی ہے۔ چینی وفد نے یقین دلایا کہ مقامی سطح پر تیار کی جانے والی زرعی مشینری کاشتکاروں کی قوت خرید اور مقامی ضروریات کے مطابق ہوگی۔