والدہ نے اکیلے پرورش کی ،تجربے نے میری سوچ، عورت ہونے کے احساس ،خود اعتمادی کو غیرمعمولی بنا یا، سارہ علی خان

مشکل حالات کے باوجود اپنی آواز اور شخصیت قائم رکھتے، ارد گرد کے لوگوں کو جذباتی طور پر مضبوط بنانے والے لوگ قابل تعریف ہیں، اداکارہ

ہفتہ 27 دسمبر 2025 17:45

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 دسمبر2025ء) بالی ووڈ اداکار سیف علی خان کی بیٹی، اداکارہ سارہ علی خان نے کہا ہے کہ والدین کی علیحدگی کے بعد میری پرورش مضبوط اکیلی ماں نے کی ، اس تجربے نے میری سوچ، عورت ہونے کے احساس اور خود اعتمادی کو غیرمعمولی بنا دیا ہے۔سارہ علی خان نے اپنی پھوپھی اور اداکارہ سوہا علی خان کی پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میری زندگی میں عورت کی طاقت کا تصور اپنی والدہ امریتا سنگھ سے آیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ایک مضبوط عورت وہ ہوتی ہے جو اپنی آواز بلند کرنے سے نہ ڈرے اور اپنے حق کیلئے کھڑی ہو اور میری نظر میں میری والدہ ناقابل یقین صلاحیتیوں کی مالک خاتون ہیں جنہوں نے اکیلے اپنے دم پر اپنے بچوں کو پالا اور تربیت کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میرے نزدیک مضبوط عورت وہ ہے جو اپنی بات کہنے سے خوفزدہ نہ ہو، آج معاشرہ پہلے سے بہتر ضرور ہوا ہے مگر اصل طاقت آپ کے اندر سے آتی ہے، خود کو آزاد محسوس کرنا، اپنے یقین کے ساتھ کھڑا ہونا اور اپنے لیے آواز اٹھانا ہی اصل طاقت ہے۔

سارہ نے اپنی والدہ کی تربیت کو سراہتے ہوئے کہا کہ مجھے ہمیشہ اپنی رائے کا اظہار کرنے کی آزادی ملی ہے، مجھے کبھی خاموش رہنا نہیں سکھایا گیا، میں نے گھر میں سوال کرنا اور اپنی رائے دینا ہمیشہ اپنا حق سمجھا گیا اور یہی مجھے سکھایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر کسی کو سوال اٹھانے اور اپنی رائے کی سہولت حاصل نہیں ہوتی، اس لیے وہ لوگ قابلِ تعریف ہیں جو مشکل حالات کے باوجود اپنی آواز اور شخصیت قائم رکھتے ہیں اور اپنے ارد گرد کے لوگوں کو جذباتی طور پر مضبوط بناتے ہیں۔