صوبے کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے،موسمیاتی مرکز بلوچستان

جمعرات 1 جنوری 2026 22:16

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جنوری2026ء) صوبہ بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔علاقائی موسمیاتی مرکز کے مطابق بلوچستان کے بیشتر حصوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے۔ کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، نوشکی، مستونگ، ژوب اور قلات کے اضلاع میں رات کے درجہ حرارت میں 3 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ تک کمی متوقع ہے، جس کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

(جاری ہے)

جمعہ کے روز بھی صوبے کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے کے مختلف علاقوں میں درمیانی بارش ریکارڈ کی گئی۔ کوئٹہ میں بریوری کے مقام پر 12.4 ملی میٹر، سمنگلی 7.0 ملی میٹر، سریاب 4.4 ملی میٹر جبکہ کوئٹہ سٹی میں 4.0 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ اسی طرح زیارت میں 9.25 ملی میٹر، ژوب میں 5.0 ملی میٹر، قلات اور بارکھان میں 1.0 ملی میٹر، مسلم باغ میں 0.75 ملی میٹر جبکہ پشین میں 0.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے میں سب سے کم درجہ حرارت قلات میں منفی 5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔