کسان اتحاد کا احتجاج موخر کرنے کا اعلان، کسان ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں ، خالد محمود کھوکھر

اتوار 4 جنوری 2026 13:50

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جنوری2026ء) صدر پاکستان کسان اتحاد خالد محمود کھوکھر نے کہا ہے کہ 5 جنوری کو طے شدہ احتجاج 26 جنوری تک مؤخر کر دیا گیا ہے تاکہ کسانوں کے مسائل کو بات چیت اور مشاورت کے ذریعے حل کیا جا سکے۔ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خالد محمود کھوکھر کا کہنا تھا کہ پاکستان کسان اتحاد زراعت کی بہتری اور کسانوں کی فلاح کے لیے سنجیدہ کوششیں کر رہا ہے۔

کسان طبقہ مسائل کے حل کے لیے مذاکرات کو ترجیح دیتا ہے اور اسی سوچ کے تحت احتجاج مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ تنظیم کی جانب سے حکومت کو جلد چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کیا جائے گا، جس میں زراعت کی ترقی، کسانوں کے معاشی تحفظ اور پالیسی اصلاحات سے متعلق تجاویز شامل ہوں گی۔

(جاری ہے)

خالد محمود کھوکھر کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں زراعت کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی کی ضرورت ہے۔

صدر پاکستان کسان اتحاد نے کہا کہ فصلوں کی پیداوار میں بہتری، مناسب قیمتوں کے تعین اور توانائی سے متعلق امور پر حکومت کے ساتھ تعمیری مکالمہ جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت کسان دوست اقدامات کے ذریعے زراعت کے شعبے کو مضبوط بنانے میں مؤثر کردار ادا کرے گی۔ خالد محمود کھوکھر نے کہا کہ پاکستان کسان اتحاد ملک کی زرعی معیشت کے استحکام، کسانوں کے مفادات کے تحفظ اور قومی ترقی کے لیے مثبت اور ذمہ دارانہ کردار ادا کرتا رہے گا۔