گندم کی فصل کے حوالے سے تحصیل سمبڑیال کے گائوں ویرووالہ چیمہ میں میگا کسان گیدرنگ سیمینار کا انعقاد

بدھ 7 جنوری 2026 12:41

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جنوری2026ء) اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت (توسیع)سمبڑیال ڈاکٹر افتخار حسین بھٹی کی زیر صدارت گندم کی فصل کے حوالے سے تحصیل سمبڑیال کے گائوں ویرووالہ چیمہ میں میگا کسان گیدرنگ سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔سیمینار میں ڈائریکٹر زراعت گوجرانوالہ ڈویژن گوجرانوالہ ڈاکٹر شکیل احمد نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی،دیگر معزز افسران اور مختلف دیہات کے کسانوں نے شرکت کی۔

اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر محمد افضل ،اسسٹنٹ ڈائریکٹر پیسٹ وارننگ اینڈ پلانٹ پروٹیکشن سمبڑیال صبا تحسین ، ممتاز ترقی پسند کسان اور چیئرمین یوسی شہزاد عمران چیمہ نے بھی شرکت کی،سیمینار میں نازک مراحل پر گندم کی فصل کی آبپاشی، نائٹروجن کھاد کا استعمال،مربوط جڑی بوٹیوں کے انتظام کی اہمیت و جڑی بوٹیوں کے کنٹرول کے حوالے سے ویڈسائڈ کا اطلاق اور گندم کی فصل میں افیڈ اور زنگ کا مربوط انتظام کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر زراعت (توسیع)گوجرانوالہ ڈویژن نے کاشتکار برادری کی فلاح و بہبود کے لیے محکمہ زراعت حکومت پنجاب کے کئے گئے اقدامات ماڈل ایگریکلچر فارمز کا قیام، گندم کی پیداوار کا مقابلہ 2025-26، گرین ٹریکٹر سکیم مرحلہ تھری، کسان کارڈ سکیم اور کسان کارڈ کی بازیابی کی پوزیشن اور گندم کی زیادہ پیداوار کے ساتھ ساتھ علاقے میں سموگ کے خاتمے کے لیے سپر سیڈر کے فوائد کے بارے میں بتایا گیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئیڈاکٹر محمد افضل نے سردیوں کے موسم میں جانوروں کی مختلف بیماریوں اور اس کے موثر کنٹرول اور دیکھ بھال کے بارے میں کسانوں کو آگاہی دی۔بعد ازاں ڈاکٹر افتخار حسین بھٹی اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت توسیع سمبڑیال نے جدید زرعی آلات، مشینری کی اہمیت اور فصلوں کی بہتر پیداوار کے لیے آئی ٹی کے موثر اور نتیجہ خیز استعمال پر گفتگو کی۔کسانوں نے بھی اس پروگرام کے لیے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور کاشتکار برادری کی فلاح و بہبود کے لیے ایسے پروگرام منعقد کرنے کے لیے حکومتی اقدامات اور محکمہ زراعت کی تعریف کی۔ پروگرام کا اختتام پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر نے آئے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور ملک پاکستان کیلئے دعا کی گئی۔