ملک کے بیشتر علاقوں میں سرد اور خشک موسم، پہاڑی علاقوں میں شدید سردی برقرار

بدھ 14 جنوری 2026 23:32

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 جنوری2026ء) ملک کے مختلف حصوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سردی نے شہریوں اور سیاحوں کے لیے موسم مزید سخت کر دیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب، بالائی سندھ اور خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں درمیانی سے شدید دھند چھائی رہے گی، جس سے آمد و رفت میں دشواری کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

اسلام آباد اور گردونواح میں بھی سرد و خشک موسم برقرار رہنے کا امکان ہے اور صبح کے اوقات میں کہرا متوقع ہے، جبکہ پوٹھوہار، بالائی خیبرپختونخوا اور کشمیر میں صبح کے وقت کہرہ اور پالے کی شدت زیادہ ہوگی۔ مری، گلیات اور شمالی علاقوں میں شدید سردی برقرار ہے، جہاں کم درجہ حرارت شہریوں کے لیے سخت چیلنج بن رہا ہے۔سندھ کے اندرونی اضلاع میں بھی صبح اور رات کے وقت دھند چھائی رہے گی، جبکہ گلگت بلتستان اور کشمیر میں موسم انتہائی سرد اور خشک رہے گا۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سردی سے بچاؤ کے مناسب اقدامات کریں اور کہرے کے دوران ڈرائیونگ میں احتیاط برتیں۔