اکیس جنوری تک شدید برفباری کی پیشنگوئی،ڈی پی او مری کا تمام داخلی راستوں پر کڑی نگرانی کا حکم

جمعرات 15 جنوری 2026 17:50

مری/راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جنوری2026ء) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مری ڈاکٹرمحمد رضا تنویر سپرا نے21 جنوری تک متوقع شدید برفباری کے پیشِ نظر مری کے تمام داخلی راستوں پر کڑی نگرانی کا حکم دیتے ہوئے برف ہٹانے والی مشینری کو اہم شاہراہوں پر الرٹ کر دیا ہے۔ محکمہ موسمیات، این ڈی ایم اے پی ڈی ایم،پی ڈی ایم اے کی جانب سے 17 سے 21 جنوری کے دوران شدید برفباری اور سرد ی کی پیشنگوئی کے بعد مری پولیس نے انسانی جانوں کے تحفظ کے لئے فیلڈ فورس اور جدید ترین نگرانی کے نظام کو مربوط کر دیا ہے۔

ڈی پی او مری نے تمام داخلی راستوں پر کڑی نگرانی کا حکم دیا ہے اور برف ہٹانے والی مشینری کو اہم شاہراہوں پر الرٹ کر دیا ہے۔ انہوں نے اپنے وڈیو پیغام میں سیاحوں سے اپیل کی ہے کہ وہ تفریح کے ساتھ ساتھ اپنی زندگی کے تحفظ کو بھی مقدم رکھیں اور ذمہ دارانہ سیاحت کا ثبوت دیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے زور دیا کہ برفباری میں گاڑی کھڑی کرتے وقت یا دورانِ سفر ہیٹر استعمال کرتے ہوئے شیشہ تھوڑا سا کھلا رکھیں تاکہ آکسیجن کی کمی نہ ہو اور زہریلی گیس (کاربن مونو آکسائیڈ) کے باعث کوئی جانی نقصان نہ ہو۔

گاڑی میں سنو چین (لوہے کی زنجیروں) کا ہونا لازمی ہے، اس کے بغیر برفانی سڑکوں پر سفر کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ڈی پی او مری نے کہا کہ سفر پر نکلنے سے قبل گاڑی کی ٹنکی فل رکھیں اور اپنے ساتھ وافر مقدار میں گرم کپڑے اور خشک راشن رکھیں۔ انہوں نے بتایا کہ لوگوں کے تحفظ کے لئے سیف سٹی کے 181 کیمروں اور ڈرونز کے ذریعے نگرانی کی جا رہی ہے۔ ڈی پی او مری نے پولیس اہلکاروں کے رویے اور ٹریفک مسائل کی شکایات کے لئے ’’ڈی پی او ڈائریکٹ‘‘ واٹس ایپ سروس (03111177553) کو بھی چوبیس گھنٹے فعال رکھا ہے۔

کسی بھی ناگہانی آفت یا ہنگامی صورتحال میں فوری مدد کے لئے سیاحوں کو 15 پر کال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ڈی پی او مری کا کہنا ہے کہ ہمارا مقصد مری آنے والے ہر سیاح کی سلامتی ہے مگر اس کے لئے شہریوں کا تعاون اور احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کرنا ناگزیر ہے۔