پی ڈی ایم اے بلوچستان کا صوبے کے مختلف علاقوں میں بارش، ژالہ باری، آندھی اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کی پیش گوئی کرتے ہوئے الرٹ جاری

جمعرات 22 جنوری 2026 16:23

پی ڈی ایم اے بلوچستان  کا صوبے کے مختلف علاقوں میں بارش، ژالہ باری، ..
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2026ء) صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) بلوچستان نے مغربی ہواؤں کے ایک طاقتور سلسلے کے باعث صوبے کے مختلف علاقوں میں بارش، ژالہ باری، آندھی اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کی پیش گوئی کرتے ہوئے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ یہ موسمی نظام 21 اور 22 جنوری 2026 کے دوران شدت اختیار کر سکتا ہے، جس کے باعث معمولاتِ زندگی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق کوئٹہ، زیارت، قلعہ سیف اللہ، پشین، قلعہ عبداللہ، نوشکی، ہرنائی، ژوب اور چمن میں درمیانی سے شدید برفباری متوقع ہے، جس کے باعث سڑکوں کی بندش، پھسلن اور ٹریفک کی روانی میں خلل کا اندیشہ ہے۔اس کے علاوہ کوئٹہ، زیارت، پشین، قلعہ عبداللہ، نوشکی، چاغی، دکی، لورالائی، سبی، خضدار، قلات، مستونگ، واشک، کیچ، آواران، گوادر، حب اور لسبیلہ سمیت دیگر علاقوں میں بارش اور گرج چمک کے ساتھ تیز ہوائیں چلنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

پی ڈی ایم اے نے شہریوں، سیاحوں اور مسافروں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے، جبکہ کسانوں کو موسمی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے زرعی سرگرمیوں کی منصوبہ بندی کرنے کی ہدایت کی ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ شدید بارش اور برفباری کے دوران محفوظ مقامات پر رہیں۔پی ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کرنے کی ہدایت بھی جاری کر دی ہے۔کسی بھی ہنگامی صورتحال میں شہری پی ای او سی پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 یا 0819241122/0819241133 پر رابطہ کریں۔