کراچی میں یخ بستہ ہوائیں تھم گئیں، کم سے کم درجہ حرارت 12.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ

منگل 27 جنوری 2026 16:19

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جنوری2026ء) کراچی میں بلوچستان کی یخ بستہ ہوائیں تھم گئیں، جس کے سبب سردی کی شدت میں بتدریج کمی آنے لگی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق منگل کو کم سے کم درجہ حرارت 12.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈکیا جبکہ آج(بدھ) کم سے کم درجہ حرارت 11 سے 13 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔شہر میں شمال مغربی اور جنوب مغربی سمت سے 10 تا 20 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں متوقع ہیں جبکہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ہوا میں نمی کا تناسب 30 سے 70 فیصد رہنے کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

محکمہ موسمیات کی ارلی وارننگ پیش گوئی کے مطابق بدھ سے شہر کے صبح و شام کے درجہ حرارت میں اضافے کا امکان ہے، کم سے کم درجہ حرارت 11 تا 13 ڈگری اور زیادہ سے زیادہ 23 تا 25 ڈگری کے درمیان ریکارڈ ہوسکتا ہے۔شہر میں 3 روز کے دوران مختلف سمتوں کی ہوائیں چل سکتی ہیں، بدھ کو شام سے سمندر کی بند ہوائیں مختصر وقت کے لیے فعال ہونے کی توقع ہے جبکہ جمعرات کو شہر کا مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق صوبے کے دیگر اضلاع میں موسم سرد اور انتہائی سرد رہنے کا امکان ہے۔