نوازشریف یو ای ٹی ملتان اور یو ای ٹی لاہور کے درمیان تعلیمی و تحقیقی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق

جمعرات 29 جنوری 2026 16:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جنوری2026ء) محمد نواز شریف یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ملتان کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر توصیف ایزد نے یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر سے ان کے آفس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر جامع تبادلہ خیال ہوا۔

اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر توصیف ایزد نے ملتان کی یونیورسٹی میں جاری ترقیاتی منصوبوں، نئے تعلیمی پروگرامز، اکیڈمک امور اور انتظامی چیلنجز پر تفصیل سے گفتگو کی۔ انہوں نے مستقبل کی ترجیحات اور یونیورسٹی کے وژن پر روشنی ڈالتے ہوئے ان کے حصول کے لیے درکار حکمتِ عملی اور وسائل پر مشاورت بھی طلب کی۔پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر نے مختلف پہلوں پر قیمتی رہنمائی فراہم کی اور تجربات کی روشنی میں اکیڈمک کوالٹی، ریسرچ کلچر، انڈسٹری لنکیجز اور فیکلٹی ڈیولپمنٹ کے امکانات پر گفتگو کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے ڈاکٹر توصیف ایزد کو وائس چانسلر کی ذمہ داری سنبھالنے پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک تمناں کا اظہار کیا اور دونوں جامعات کے درمیان تعلیمی و تحقیقی تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔اس موقع پر ٹیچنگ اسٹاف ایسوسی ایشن یو ای ٹی کے صدر پروفیسر ڈاکٹر محمد شعیب اور جنرل سیکرٹری ڈاکٹر رانا تنویر قاسم بھی موجود تھے، جنہوں نے تعلیمی اور تحقیقی تعاون کے فروغ اور اساتذہ کی پیشہ ورانہ ترقی کے حوالے سے مختلف نکات پر گفتگو کی۔ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ دونوں ادارے مستقبل میں مشترکہ اقدامات اور تعاون کے ذریعے اعلی تعلیم کے فروغ کے لیے کام کریں گے۔