زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کو دو تحقیقی و ترقیاتی کلسٹرز میں رہبر(لیڈ )، پانچ کلسٹرز میں شراکت دار یونیورسٹی کے طور پر منتخب کر لیاگیا

جمعرات 29 جنوری 2026 15:59

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جنوری2026ء) پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن نے مالی سال 2025ط26ء کے لیے اپنے دیگر ترقیاتی منصوبہ جات فریم ورک کے تحت زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کو دو تحقیقی و ترقیاتی کلسٹرز میں رہبر(لیڈ ) جبکہ پانچ کلسٹرز میں شراکت دار یونیورسٹی کے طور پر منتخب کیا ہے۔ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد فوڈ اینڈ نیوٹریشن کلسٹر اور مائیگریشن اینڈ لیبر افیئرز کلسٹر میں بطور رہبر خدمات انجام دے گی۔

صوبہ بھر میں اعلیٰ تعلیم کی اصلاحات کے تحت پنجاب ہائرایجوکیشن کمیشن کے چیئرپرسن پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خاں کی سرپرستی میں تحقیقی کلسٹرز کا اجراء ایک اہم تعلیمی سنگِ میل ثابت ہو گا۔ وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی فیصل آباد پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے اس کامیابی پر کیمپس کمیونٹی کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ پیش رفت کسان برادری اور ملک کو درپیش مسائل کے حل کے ذریعے ترقی کے نئے افق کھولے گی۔

(جاری ہے)

نوٹیفکیشن کے مطابق پروفیسر ڈاکٹر محمد عیسیٰ خاں، ڈائریکٹر جنرل نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف فوڈ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ،فوڈ اینڈ نیوٹریشن کلسٹر کے پرنسپل انویسٹی گیٹر جبکہ ڈاکٹر صدف محمود چیئرپرسن شعبہ دیہی عمرانیات، مائیگریشن اینڈ لیبر افیئرز کلسٹر کی قیادت کریں گی۔ اس کے علاوہ زرعی یونیورسٹی کو پانچ دیگر کلسٹرز میں شراکت دار یونیورسٹی کے طور پر بھی منتخب کیا گیا ہے، جن میں پبلک پالیسی اینڈ اکنامک ڈویلپمنٹ، واٹر، قابلِ تجدید توانائی، تعلیم اور ماحولیاتی تبدیلی شامل ہیں۔

ڈاکٹر آصف کامران ڈائریکٹر ایگریکلچر پالیسی لاء اینڈ گورنس سنٹر، پبلک پالیسی اینڈ اکنامک ڈویلپمنٹ کلسٹر، ڈاکٹر محمد زمان ڈائریکٹر واٹر مینجمنٹ ریسرچ سینٹر، واٹر کلسٹر، پروفیسر ڈاکٹر محمد نوید ڈائریکٹر پنجاب بائیو انرجی انسٹی ٹیوٹ، قابلِ تجدید توانائی کلسٹر، ڈاکٹر الحافظہ شافعہ تحسین گل ڈائریکٹر اکیڈمکس، تعلیم کلسٹر جبکہ پروفیسر ڈاکٹر عبدالوکیل شعبہ سوائل سائنسز، ماحولیاتی تبدیلی کلسٹر میں زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کی نمائندگی کریں گے۔