جس نے بھی آئین پامال کرنے کی کوشش کی، وکلاء نے مزاحمت کی، میاں رضا ربانی

ہفتہ 7 فروری 2026 17:46

جس نے بھی آئین پامال کرنے کی کوشش کی، وکلاء نے مزاحمت کی، میاں رضا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 فروری2026ء) سابق چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے کہا ہے کہ جس نے بھی آئین کو پامال کرنے کی کوشش کی، وکلاء نے غیر قانونی اقدام کے خلاف مزاحمت کی۔عاصمہ جہانگیر کانفرنس میں بذریعہ ویڈیو لنک اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ بار ایسوسی ایشنز کی لمبی تاریخ ہے اور وکلاء نے ہمیشہ آئین کی بالادستی اور جمہوریت کیلئے کوششیں کی ہیں۔

پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما رضا ربانی نے کہا کہ وکلاء نے مشرف اور ایوب کے غیر قانونی اقدام کے خلاف بھی جہدوجہد کی۔انہوں نے کہا کہ بار ایسوسی ایشن نے کبھی سیاسی جماعتوں کو استعمال نہیں کیا لیکن موجودہ بار ایسوسی ایشن کی قیادت کا کردار سول سپرمیسی کے لیے نظر نہیں آ رہا۔رضا ربانی نے کہا کہ بیانات آتے رہتے ہیں مگر ماضی کی طرح قیادت کا دو ٹوک موقف سامنے نہیں آتا۔

(جاری ہے)

سابق چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ آئین میں بہت سی غیر ضروری ترامیم کی گئیں اور یہ آئینی ترمیم ججز کے ٹرانسفر اور ججز کی تعیناتی سے متعلق کی گئیں۔انہوں نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن جو بنایا گیا اس میں جوڈیشل ممبران کی تعداد کم ہے اور جوڈیشل کمیشن میں وفاقی وزیرِ قانون کا ہونا غیر ضروری ہے۔رضا ربانی نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ اب آئین میں مزید ترمیم کی ضرورت نہیں ہے، اب 28 ویں آئینی ترمیم کی ضرورت نہیں اور اگر 28 ویں آئینی ترمیم ہو گی تو آئین کا ڈھانچہ مزید متاثر ہو گا۔