بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کی نومنتخب کابینہ کے اعزاز میں الحمد یونیورسٹی کی جانب سے چائے پارٹی کا اہتمام

بدھ 11 فروری 2026 18:13

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 فروری2026ء) بلوچستان یونین آف جرنلسٹس (بی یو جے) کی نو منتخب کابینہ کے اعزاز میں الحمد اسلامک یونیورسٹی کی جانب سے ٹی پارٹی کا اہتمام کیا گیا جس میں بی یو جے کے صدر منظور احمد رند سمیت دیگر نو منتخب کابینہ اراکین نے شرکت کی۔ اس دوران صحافت اور تعلیمی تعاون کے فروغ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

الحمد اسلامک یونیورسٹی کے صدر پروفیسر ڈاکٹر شکیل احمد روشن نے نو منتخب کابینہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں صحافت مشکل حالات کے باوجود سچائی اور عوامی مفاد کی آواز بلند کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی کابینہ سے توقع ہے کہ وہ صحافتی اقدار، غیر جانبداری اور ذمہ دار رپورٹنگ کو مزید مضبوط بنائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ سیکیورٹی اور سماجی صورتحال میں صحافیوں کا کردار نہایت اہم ہو چکا ہے اور کئی صحافی پیشہ ورانہ فرائض کی ادائیگی میں اپنی جانوں کا نذرانہ بھی پیش کر چکے ہیں، جسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ الحمد اسلامک یونیورسٹی کی جانب سے کوئٹہ کے علاؤہ دشت و کولپور میں بھی تعلیمی اداروں کی فعالیت کیلئے کردار ادا کررہے ہیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بی یو جے کے صدر منظور احمد رند نے یونیورسٹی انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ صحافت کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پیشہ ورانہ تربیت اور جدید ٹیکنالوجی سے آگاہی ناگزیر ہو چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بی یو جے صحافیوں کی فلاح، تحفظ اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے کے لیے عملی اقدامات کرے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ تعلیمی اداروں اور صحافتی تنظیموں کے درمیان تعاون سے نہ صرف نوجوانوں کو بہتر مواقع ملیں گے بلکہ ذمہ دار اور باخبر صحافت کو بھی فروغ حاصل ہوگا۔اس موقع پر صدر بلوچستان یونین آف جرنلسٹس منظور احمد کی تجویز پر الحمد اسلامک یونیورسٹی کی جانب سے صحافی برادری اور نوجوانوں کے لیے جدید ڈیجیٹل صحافت سے متعلق تربیتی سیشنز منعقد کرنے کا بھی اعلان کیا گیا۔