وائس چانسلر ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ کی زیر صدارت منشیات کے استعمال کی روک تھام اور بے راہ روی کے تدارک بارے اجلاس

جمعرات 12 فروری 2026 14:19

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 فروری2026ء) وائس چانسلر ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ پروفیسر ڈاکٹر اکرام اللہ خان کی زیر صدارت منشیات کے استعمال کی روک تھام اور بے راہ روی کے تدارک کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کے دوران منشیات کے استعمال کی روک تھام، طلباء میں مثبت سرگرمیوں کے فروغ، نظم و ضبط کو مزید موثر بنانے اور مضر سرگرمیوں سے آگاہی پروگراموں کے انعقاد پر غور کیا گیا۔

وائس چانسلر نے اس بات پر زور دیا کہ یونیورسٹی انتظامیہ طلباء و طالبات اور نوجوان نسل کو منفی سرگرمیوں سے محفوظ رکھتے ہوئے انہیں محفوظ، صحتمند اور سازگار تعلیمی ماحول فراہم کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے۔ وائس چانسلر نے مزید کہا کہ متعلقہ اداروں کے ساتھ باہمی رابطہ اور تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے تاکہ کسی بھی غیر قانونی یا مشکوک سرگرمی کی بروقت نشاندہی اور موثر تدارک ممکن ہو سکے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں طلباء میں میں شعور پیدا کرنے، آگاہی سیمینارز اور ورکشاپس سمیت دیگر اقدامات کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ اجلاس میں یونیورسٹی کے رجسٹرار، پرووسٹ، چیف پراکٹر، ڈائریکٹر سٹوڈنٹ افیئرز اور دیگر متعلقہ افسران سمیت خیبر پختونخواہ مرکز برائے انسداد متشدد انتہاپسندی کے نمائندوں اور پولیس سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :