ملتان میں ویمنز انٹرپرینیورئیل اینڈ بزنس ایکسپو 2026 کے سلسلے میں سیمیناراورنمائش کاانعقاد

جمعہ 13 فروری 2026 17:24

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 فروری2026ء) محمد نوازشریف یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی(ایم این ایس۔یو ای ٹی )ملتان میں ویمنز انٹرپرینیورئیل اینڈ بزنس ایکسپو 2026 کے سلسلے میں ایک شاندار سیمینار اور نمائش کا انعقاد کیا گیا جس کا مقصد طالبات میں کاروباری صلاحیتوں کواجاگرکرنااورخواتین کی معاشی خودمختاری کوفروغ دینا تھا۔

تقریب میں محمد نوازشریف یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ملتان کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر تو صیف ایذد نے خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد کامران بھی مہمانِ خصوصی تھے۔ ڈاکٹر توصیف اعزاز نے ڈاکٹر محمد کامران کو یونیورسٹی آمد پر خوش آمدید کہا اور انہیں پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر رجسٹرارعاصم عمر اور فیکلٹی ممبران بھی موجود تھے۔مہمانانِ گرامی نے سیمینار میں لگائے گئے مختلف اسٹالز کا تفصیلی دورہ کیا۔ ان اسٹالز میں جیولری، کتب، دستکاری اور کھانے پینے کی اشیاء کے اسٹالز شامل تھے۔جنہیں طلباء و طالبات نے بڑی محنت اور تخلیقی انداز میں سجایا تھا۔ وائس چانسلرز نے ہر اسٹال پر جا کر طلباء کی کاوشوں کو سراہا اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔

اس موقع پر اسٹالز لگانے والے طلباء کو اعزازی سرٹیفکیٹس بھی پیش کیے گئے۔ مقررین نے اپنے خطاب میں طلباء کو محنت، لگن اور خود اعتمادی کے ساتھ آگے بڑھنے کی تلقین کی اور کہا کہ اسی جذبے اور عزم کے ساتھ وہ مستقبل میں کامیابی کی نئی منازل طے کریں گے۔تقریب کے اختتام پر شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایسے پروگرامز کا انعقاد مستقبل میں بھی جاری رکھا جائے گا تاکہ نوجوان نسل خصوصاً طالبات کو کاروباری میدان میں آگے بڑھنے کے مزید مواقع فراہم کیے جا سکیں۔