گورنمنٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین رائے ونڈ میں سولر پینلز، ڈے کیئر سنٹر اور کالج بس کا افتتاح

جمعرات 19 فروری 2026 17:24

رائے ونڈ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 فروری2026ء) گورنمنٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین رائے ونڈ میں سولر پینلز، ڈے کیئر سنٹر، جدید لائبریری و ڈیجیٹل میڈیا لیب، اسپورٹس روم اور کالج بس کی افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب کے مہمانانِ خصوصی ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز نعیم اقبال اور احسن افضل کھوکھر تھے جنہوں نے مختلف منصوبہ جات کا باقاعدہ افتتاح کیا۔

مہمانوں نے کالج کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کیا اور انتظامیہ کی مثالی کارکردگی، بہترین ٹیم ورک اور محدود وسائل میں نمایاں ترقیاتی اقدامات کو سراہا۔ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز نے ادارے کی مجموعی کارکردگی کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے اپنی مدد آپ کے تحت سولر پینلز، لائبریری اور سپورٹس روم کے قیام پر مبارکباد پیش کی اور کالج میں ملٹی پرپز ہال کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن کے تحت طالبات کا تعلیمی سفر کالج بس کی سہولت کی صورت میں آسان کرنے پر اور اس ضمن میں ایم این اے افضل کھوکھر کی خصوصی کاوشیں کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے احسن کھوکھر کا کالج بس کی فراہمی پر شکریہ بھی ادا کیا گیا اور کالج روڈ کی تعمیر کی فوری ضرورت کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔ مہمانان نے پرنسپل ڈاکٹر طلعت رحمن اور وائس پرنسپل ڈاکٹر ممتاز اسلم کی بہترین انتظامی صلاحیتوں، کالج اساتذہ کا ٹیم ورک اور ادارے کی ترقی میں ان کی انتھک محنت کو سراہا۔

پرنسپل ڈاکٹر طلعت رحمن نے ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ اور عوامی نمائندگان کا تعاون اور مسلسل سرپرستی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ ادارہ تعلیمی و ہم نصابی میدان میں مزید کامیابیاں حاصل کرتا رہے گا۔انہوں نے ڈائریکٹر وویمن ایمپاورمنٹ پنجاب کا بھی ڈے کئیر سنٹر کے قیام میں مکمل تعاون کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ کالج میں 1100سے زائد طالبات زیرِ تعلیم ہیں اور ادارہ مسلسل وسعت اور ترقی کی جانب گامزن ہے۔ ہمارا وژن ہے کہ علاقے کی بیٹیوں کے لیے اس ادارے کو ایک مثالی اور شاندار تعلیمی مرکز بنایا جائے جہاں معیاری تعلیم اور بہترین سہولیات میسر ہوں۔