پنجاب کے تعلیمی بورڈز میں چیئرمین کی تعیناتی نہ ہو سکی

جمعرات 19 فروری 2026 22:32

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 فروری2026ء) پنجاب میں سالانہ میٹرک امتحانات کے آغاز سے قبل تعلیمی بورڈز میں چیئرمین، سیکرٹری اور کنٹرولر کے عہدوں پر مستقل تقرری نہ ہونے پر تشویش بڑھ گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق محکمہ ہائر ایجوکیشن پنجاب نے دو ماہ قبل چیئرمین اور سیکرٹری بورڈز کی بھرتیوں کے لیے درخواستیں طلب کی تھیں، لیکن عمل مکمل نہیں ہو سکا۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایا کہ چیئرمین اور سیکرٹری کے عہدوں کے لیے موصول ہونے والی تقریباً 1500 درخواستوں کی سکروٹنی مکمل ہو چکی ہے، تاہم اب تک انٹرویوز منعقد نہیں کیے جا سکے۔لاہور کے تعلیمی ماہرین کا کہنا ہے کہ 27 مارچ سے پنجاب کے 9 تعلیمی بورڈز میں میٹرک کے سالانہ امتحانات شروع ہو رہے ہیں، جس کے پیش نظر مستقل چیئرمین کی تعیناتی نہ ہونا امتحانی انتظامات اور پالیسی فیصلوں پر منفی اثر ڈال سکتا ہے۔ماہرین نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ شفاف اور میرٹ پر مبنی تقرریاں جلد مکمل کی جائیں تاکہ امتحانات کا انعقاد بغیر کسی رکاوٹ کے ممکن بنایا جا سکے اور تعلیمی بورڈز کے امور مؤثر انداز میں جاری رہیں۔

متعلقہ عنوان :