میٹرک کے امتحانات کے دوران نقل جیسی ناسور کو ختم کرنے کے لئے بلوچستان بورڈ کی کوششوں کو سراہتے ہیں، ایم ڈبلیو ایم

جمعرات 19 فروری 2026 22:27

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 فروری2026ء) مجلس وحدت مسلمین ضلع کوئٹہ کے رہنماؤں نے میٹرک کے امتحانات کے دوران نقل جیسی ناسور کو ختم کرنے کے لئے بلوچستان بورڈ کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اس سال بورڈ امتحانات کے دوران نسبتاً سنجیدگی نظر آ رہی ہے، جو قوم کے مستقبل کے لئے خوش آئین ثابت ہوگی۔ اساتذہ کی سنجیدگی کا ثمر ملک و قوم کی ترقی کی صورت میں نظر آئے گا۔

نقل ایک ایسی ناسور ہے جو ہمارے طلباء کو کھوکھلا کر رہی ہے۔ اس سے نجات ہماری ترقی کی بنیاد ثابت ہوگی۔ایم ڈبلیو ایم رہنماؤں نے ماضی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بورڈ امتحانات میں گزشتہ سال غالباً نقل کے ذریعے بہت سے طلباء نے نو سو سے بھی زیادہ نمبر لئے تھے، تاہم جب ایم ڈی کیٹ اور دیگر انٹری ٹیسٹس کی باری آئی تو بلوچستان بورڈ کو شدید شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا۔

(جاری ہے)

بلوچستان بورڈ میں اچھے نمبرز لینے والے کچھ طلباء بنیادی ٹیسٹ بھی پاس نہ کر سکیں اور پورے صوبے کو شرمندہ کیا، تاہم یہ غلطی دوبارہ نہیں دوہرانی چاہئے۔ نقل اور سفارش سے پاک امتحان کے ذریعے ہی قابل طلباء اچھے نمبر حاصل کرکے آگے جا سکتے ہیں۔انہوں نے طلباء کو محنت اور لگن سے پڑھنے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ نقل پر سختی کے دوران بلوچستان بورڈ کے عملے کو قصوروار ٹھہرانے کے بجائے طلباء محنت کریں۔

امتحانات میں شفافیت سے قابل طلباء کو انکا حق حاصل ہوگا، جبکہ نقل و سفارش کلچر بلوچستان کے طلباء کی حق تلفی کے مترادف ہے۔ نقل ہی وہ ناسور ہے جو ہماری بنیادوں کو کھوکھلی کر رہی ہے۔ طلباء ان باتوں کو سمجھیں اور صوبے کی ترقی کا باعث بنیں۔آخر میں نقل اور سفارش کلچر کے خلاف اقدامات اٹھانے پر بلوچستان بورڈ کے عملے اور دیگر ذمہ داران کو بھی سراہا گیا۔ مجلس وحدت مسلمین کے رہنماؤں نے کہا کہ بچوں کے مستقبل کو سنجیدگی سے لینا اور نقل کا خاتمہ ناگزیر ہو گیا ہے۔ بلوچستان کو محرومی سے نکالنے کے لئے فقط باتیں کافی نہیں ہیں، بلکہ ہمیں اپنی بنیادیں مضبوط کرنی ہونگی

متعلقہ عنوان :