خواتین یونیورسٹی کی 13 سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ گریڈ 1سے 16 تک کے ملازمین کو ترقی دے دی گئی

جمعرات 12 مارچ 2026 15:15

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مارچ2026ء) خواتین یونیورسٹی ملتان کی13 سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ گریڈ 01 سے 16 تک کے 90 سے زائد ملازمین کو میرٹ کی بنیاد پر ترقی دے دی گئی ۔ترجمان کے مطابق خواتین یونیورسٹی ملتان کی تاریخ میں ایک اہم اور خوشگوار پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں پہلی مرتبہ گریڈ 01 سے 16 تک کے 90 سے زائد ملازمین کو میرٹ کی بنیاد پر ترقی دے دی گئی۔

اس فیصلے کے بعد یونیورسٹی کے ملازمین میں خوشی اور مسرت کی لہر دوڑ گئی ۔ ترقی پانے والے ملازمین کا تعلق مختلف کیڈرز سے ہے جن میں جونیئر کلرک، سٹور کیپر، ڈرائیور، میل سکیورٹی گارڈز، فی میل سکیورٹی گارڈز، کمپیوٹر آپریٹر، سیور مین، سویپر، بس کلینر، بس کنڈیکٹر اور چوکیدار شامل ہیں۔ یہ ترقیاں مکمل طور پر میرٹ اور سروس رولز کے مطابق دی گئی ہیں تاکہ ملازمین کی کارکردگی کو سراہا جا سکے اور ادارے میں پیشہ ورانہ ماحول کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ نے کہا کہ خواتین یونیورسٹی میں ملازمین کی فلاح و بہبود اور ان کے پیشہ ورانہ حقوق کا تحفظ انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ یونیورسٹی کی ترقی اس کے اساتذہ اور ملازمین کی محنت اور لگن سے ممکن ہوتی ہے، اس لیے میرٹ پر ترقی دینا ادارہ جاتی شفافیت اور حوصلہ افزائی کے لیے ضروری ہے۔

یونیورسٹی انتظامیہ آئندہ بھی ملازمین کی پیشہ ورانہ ترقی اور فلاح کے لیے ایسے اقدامات جاری رکھے گی تاکہ ایک مثبت اور متحرک تعلیمی ماحول کو فروغ دیا جا سکے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ترقی پانے والے ملازمین مزید محنت اور ذمہ داری کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دیں گے اور یونیورسٹی کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ترقی پانے والے ملازمین نے اس اقدام پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پہلی مرتبہ انہیں میرٹ پر ترقی ملنے سے نہ صرف ان کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے بلکہ ادارے کے ساتھ وابستگی بھی مزید مضبوط ہوئی ہے ۔

وائس چانسلرکے اس فیصلے سے یونیورسٹی میں شفافیت اور انصاف کی روایت کو فروغ ملا ہے ،طویل عرصے بعد میرٹ پر ہونے والی ان ترقیوں نے ملازمین کے اعتماد کو بحال کیا ہے اور اس اقدام سے ادارے میں کام کرنے کا جذبہ مزید بڑھا ہے۔

متعلقہ عنوان :