لاہور راوی شہر میں انتظامیہ نے غیر قانونی تعمیرات اور دفاتر سیل کر دیے

شعبہ انفورسمنٹ روڈا نے ہاؤسنگ سوسائٹیز، صنعتی یونٹس اور ٹیکس نادہندگان کے خلاف کاروائیاں کیں

جمعرات 12 مارچ 2026 23:22

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 مارچ2026ء) راوی شہر میں انتظامیہ کی کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں اور صرف ماہ فروری کے دوران غیر قانونی تعمیرات، ہاؤسنگ سوسائٹیز، ٹیکس نادہندگان، ریت مافیا اور ماحولیاتی آلودگی کے خلاف متعدد کارروائیاں کی گئی ہیں۔ شعبہ انفورسٹمنٹ روڈا نے گذشتہ ماہ کے دوران 11 غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز اور نئی آبادی اسکیموں کو سیل کر دیا، جن میں موہلنوال، متین گارڈن، رئیل اسٹیٹ کوٹ مول چند، بسم اللہ ہاؤسنگ سوسائٹی، طارق کالونی، الشمس بلاک بھلہ ڈسوال، عبد اللہ پارک، رنگیاں جھنگیاں اور لاہور موٹروے سٹی شامل ہیں۔

اسی دوران انتظامیہ نے کمرشل ٹیکس کی عدم ادائیگی پر متعدد صنعتی یونٹس اور دفاتر کو بھی بند کر دیا، جن میں مسعود ٹیک انڈسٹریز، لاثانی فارجنگ، حفیظ آئل ٹریڈرز، ساگا سٹیل مل، ڈیورا مکس، ڈیورا پولیمر انڈسٹریز، راجپوت گولڈ اسٹوریج، الخلیل کولڈ سٹوریج، عظیم یونس فیکٹری، باؤ گودام، نیو عرب کیمیکل سٹور، لالہ شوز فیکٹری اور ندیم ورکشاپ شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ماحولیاتی تحفظ کے لیے روڈا ٹیم نے دریائے راوی سے غیر قانونی ریت و مٹی نکالنے والوں کے خلاف کارروائی کی، مشینیں ضبط کیں، ٹرالیاں آف لوڈ کروائیں اور لاکھوں روپے کے جرمانے عائد کیے۔ مزید برآں سرپرائز وزٹس کے دوران غیر قانونی تعمیرات کو روکا گیا اور ظفر اقبال مارکیٹ میں جاری تعمیرات کو روک دیا گیا۔ان اقدامات کے ذریعے انتظامیہ نے شہر میں قانون کی بالادستی اور شہریوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :