علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں سیرت النبی ﷺ پر فکری نشست کا انعقاد

منگل 17 مارچ 2026 17:06

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مارچ2026ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں سیرت النبی ﷺ کے موضوع پر ایک اہم فکری نشست کا انعقاد کیا گیا جس میں سیرتِ طیبہ ﷺ کی ضرورت و اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے شعبہ سیرت اسٹڈیز کے چیئرمین، ڈاکٹر شاہ معین الدین ہاشمی نے کہا کہ اسلام کو صحیح معنوں میں سمجھنے، اللہ تعالیٰ کی ذات و صفات کی معرفت حاصل کرنے اور قرآنِ مجید کے حقیقی پیغام تک رسائی کے لیے سیرتِ طیبہ ﷺ کا مطالعہ ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ حضور نبی اکرم ﷺ کی حیاتِ مبارکہ دراصل قرآنِ کریم کی عملی تفسیر ہے جس کے بغیر دینِ اسلام کی مکمل اور درست تفہیم ممکن نہیں۔انہوں نے اپنے لیکچر بعنوان“مطالعہ سیرتِ طیبہ ﷺ کی ضرورت و اہمیت”میں اس بات پر زور دیا کہ سیرتِ نبوی ﷺ نہ صرف دینی علوم کی بنیاد فراہم کرتی ہے بلکہ یہ انسانیت کے لیے ایک جامع ضابطہ حیات بھی پیش کرتی ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ موجودہ دور میں، جب امتِ مسلمہ مختلف فکری، سماجی اور اخلاقی چیلنجز سے دوچار ہے، سیرتِ نبوی ﷺ کی تعلیمات پہلے سے کہیں زیادہ اہمیت اختیار کر چکی ہیں۔ڈاکٹر ہاشمی نے مزید کہا کہ اگر ہم اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی کو سیرتِ طیبہ ﷺ کے اصولوں کے مطابق ڈھال لیں تو ہم نہ صرف ایک متوازن اور مثالی معاشرہ تشکیل دے سکتے ہیں بلکہ دنیا و آخرت میں کامیابی بھی حاصل کر سکتے ہیں۔

انہوں نے طلبہ و طالبات پر زور دیا کہ وہ سیرتِ نبوی ﷺ کا گہرائی سے مطالعہ کریں اور اسے اپنی عملی زندگی کا حصہ بنائیں۔تقریب کے اختتام پر کلماتِ تشکر ادا کرتے ہوئے لائبریرین، سید غلام کاظم علی نے کہا کہ رمضان المبارک ایک بابرکت اور مقدس مہینہ ہے جو اللہ تعالیٰ سے خاص نسبت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مہینے کے اختتام پر اگرچہ دلوں میں اداسی کا احساس پایا جاتا ہے تاہم اس بات پر شکر گزار ہیں کہ اس مبارک مہینے میں سیرت لیکچر سیریز کا کامیاب انعقاد کیا گیا جس کا آج چوتھا اور آخری سیشن منعقد ہوا۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مستقبل میں بھی ایسی علمی و فکری تقاریب کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تاکہ طلبہ و طالبات کو سیرتِ نبوی ﷺ سے مزید رہنمائی حاصل کرنے کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔