صوبہ بھر کے تعلیمی بورڈز میں مستقل چئرمینز کے انٹرویوز کا آغاز

منگل 17 مارچ 2026 23:08

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 مارچ2026ء) صوبہ بھر کے تعلیمی بورڈز میں مستقل چئرمینز کی تعیناتی کے لیے انٹرویوز کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ وزیر تعلیم کی سربراہی میں قائم سلیکشن کمیٹی نے امیدواروں کے انٹرویوز کی کارروائی شروع کر دی ہے، جس میں 300 سے زائد امیدوار شرکت کر رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق پنجاب کے 9 تعلیمی بورڈز گزشتہ دو سال سے مستقل چئرمینز سے محروم ہیں، اور ان عہدوں کی خالی گنجائش کو پر کرنے کے لیے یہ عمل شروع کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انٹرویوز کے بعد کنٹرولر امتحانات اور سیکرٹریز کی تقرری کے لیے بھی امیدواروں کے انٹرویوز کا مرحلہ شروع ہوگا۔تین اہم عہدوں کے لیے مجموعی طور پر 1,100 سے زائد امیدواروں نے درخواستیں جمع کرائی ہیں، جو انٹرویوز کے عمل کا حصہ ہیں۔ ذرائع کے مطابق چئرمینز کے انٹرویوز عید کے بعد بھی جاری رہنے کا امکان ہے تاکہ تمام امیدواروں کا مکمل جائزہ لیا جا سکے اور بورڈز میں شفاف اور میرٹ پر مبنی تقرری یقینی بنائی جا سکے۔حکام کا کہنا ہے کہ مستقل چئرمینز کی تعیناتی سے تعلیمی بورڈز میں انتظامی امور کو بہتر بنانے اور امتحانی عمل میں شفافیت کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی، جس سے طلباء اور والدین دونوں کو فائدہ ہوگا۔

متعلقہ عنوان :