پشاور ہائیکورٹ نے ارباب نیاز کرکٹ سٹیڈیم کا نام تبدیل کرنے پرصوبائی حکومت سے رپورٹ طلب کر لی

جمعرات 26 مارچ 2026 18:18

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2026ء) پشاور ہائیکورٹ نے ارباب نیاز کرکٹ سٹیڈیم کا نام تبدیل کرنے پرصوبائی حکومت سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس سید ارشد علی اور جسٹس صادق علی مومند پر مشتمل دو رکنی بینچ نے ارباب نیاز کرکٹ سٹیڈیم کا نام تبدیل کرنے کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کی ۔سماعت کے دوران ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل اور درخواست گزار کے وکیل علی گوہر درانی ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔

(جاری ہے)

درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ سٹیڈیم کا نام تبدیل کرنے کی منظوری صوبائی کابینہ نے 21 فروری 2025 کو دی تھی۔انہوں نے عدالت کو بتایا کہ سٹیڈیم کا نام قواعد و ضوابط کے خلاف تبدیل کیا گیا ہے۔اس موقع پر جسٹس سید ارشد علی نے ریمارکس دئیے کہ عدالتوں کے ایسے فیصلے موجود ہیں جن میں واضح کیا گیا ہے کہ کسی زندہ شخصیت کے نام پر عوامی مقامات منسوب نہیں کیے جاسکتے اور استفسار کیا کہ کیا جسٹس (ر)قاضی فائز عیسی کا فیصلہ دیکھا گیا ہے۔عدالت نے یہ بھی ہدایت کی کہ حکومت اگر چاہے تو کوئی نیا گرائونڈ تعمیر کرکے اس کا نام کسی شخصیت کے نام پر رکھ سکتی ہے۔