پنجاب کے تعلیمی بورڈز کے چیئرمین کی تعیناتیوں کے لیے انٹرویوز جاری

جمعہ 27 مارچ 2026 23:02

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 مارچ2026ء) پنجاب کے تعلیمی بورڈز کے چئرمین کی تعیناتی کے لیے انٹرویوز کا سلسلہ جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق مجموعی طور پر 250 سے زائد امیدواروں کے انٹرویوز لیے جا رہے ہیں، جن کا جائزہ وزیر تعلیم رانا سکندر حیات ذاتی طور پر لے رہے ہیں۔وزیر تعلیم نے امیدواروں کی ٹیکنالوجی سے آگاہی، انتظامی صلاحیت اور تعلیمی اصلاحات کے لیے منصوبہ بندی کا جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے امیدواروں سے سوالات کیے کہ بطور چئرمین بورڈ ان کی پہلی تین ترجیحات کیا ہوں گی، وہ کس نوعیت کی اصلاحات لانا چاہتے ہیں، اور بورڈز میں شفافیت و خودمختاری کو یقینی بنانے کے لیے کون سے اقدامات کریں گے۔مزید برآں وزیر تعلیم نے پوچھا کہ امیدوار اے آئی ٹولز کو مارکنگ اور دیگر تعلیمی امور میں کس طرح استعمال کریں گے۔ ذرائع کے مطابق رانا سکندر حیات نے اس موقع پر کہا کہ تعیناتی کے عمل میں مکمل میرٹ کو یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ تعلیمی بورڈز میں قابلیت اور شفافیت کو فروغ دیا جا سکے۔