قالینوں کی 42ویں عالمی نمائش کی تاریخ کا اعلان رواں ہفتے کیا جائیگا‘ پی سی ایم ای اے

ٹڈیپ عالمی ایونٹ کی تیاریوں کیلئے فنڈز کا جلد اجرا ء کرے‘ چیئرمین میاں عتیق الرحمن، وائس چیئرمین ریاض احمد

اتوار 29 مارچ 2026 12:25

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مارچ2026ء) پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین میاں عتیق الرحمن اور وائس چیئرمین ریاض احمد نے کہا ہے کہ ہاتھ سے بنے قالینوں کی 42ویں عالمی نمائش کی تاریخ کا اعلان رواں ہفتے کیا جائے گا ،ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان عالمی نمائش کیلئے فنڈز کا جلد سے جلد اجرا کرے جس سے تیاریاں شروع کرنے میں مدد ملے گی ۔

ایسوسی ایشن کا جائزہ اجلاس گزشتہ روز منعقد ہوا جس میں پیٹرن انچیف عبد اللطیف ملک، کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئر پرسن اعجاز الرحمن ، سینئر ممبر عثمان اشرف ، میجر (ر)اختر نذیر ، سعید خان سمیت دیگر شریک ہوئے ۔ اجلاس میں رواں سال لاہور میں منعقد ہونے والی عالمی نمائش کی مجوزہ تاریخوں سمیت صنعت کو درپیش مشکلات کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

(جاری ہے)

چیئرمین میاں عتیق الرحمن اور وائس چیئرمین ریاض احمد نے کہا کہ مذکورہ عالمی نمائش پاکستان کے ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت کے لئے انتہائی اہمیت کی حامل ہے ، برآمدی سودے طے ہونے سے صنعت کو تقویت ملے گی جس سے قیمتی زر مبادلہ کا حصول ممکن ہو سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی سرپرستی کے بغیر عالمی ایونٹ کی کامیابی ممکن نہیں اس لئے اپیل ہے کہ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی مطلوبہ فنڈز کے حوالے سے پیشرفت کرے تاکہ عالمی نمائش کی تیاریوں کا آغاز کیا جا سکے ۔

صنعت کو درپیش سنگین مشکلات کے پیش نظر حکومتی سرپرستی کی پہلے سے زیادہ ضرورت ہے تاکہ پاکستان کی قدیم ترین برآمدی صنعت کا پہیہ چلتے رہے ۔ انہوںنے کہا کہ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان کی جانب سے فراہم کئے جانے والے فنڈز سے دنیا کے مختلف ممالک کے خریداروں کو عالمی نمائش میں شرکت کیلئے راغب کرنے کے لئے بہترین ہاسپیلٹی پیکج کی پیشکش کی جائے گی اور قوی امید ہے کہ گزشتہ سالوں کی طرح امسال بھی نمائش میں بڑے پیمانے پر برآمدی سودے طے ہوں گے ۔