صوبائی وزیر لائیو سٹاک و زراعت کی زیر صدارت فٹ اینڈ ماتھ ڈیزیز کنٹرول کمپارٹمنٹ کے قیام و لائیو سٹاک برآمدات کے فروغ کے حوالے سے اجلاس

جمعرات 2 اپریل 2026 22:58

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اپریل2026ء) صوبائی وزیر لائیو سٹاک و زراعت سید عاشق حسین کرمانی کی زیر صدارت فٹ اینڈ ماتھ ڈیزیز (ایف ایم ڈی) کنٹرول کمپارٹمنٹ کے قیام اور لائیو سٹاک برآمدات کے فروغ کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس لاہور میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری لائیو سٹاک احمد عزیز تارڑ بھی شریک تھے۔ اجلاس کے دوران ڈائریکٹر جنرل (ریسرچ) ڈاکٹر سجاد حسین نے فٹ اینڈ ماتھ ڈیزیز کے تدریجی کنٹرول پروگرام کے تحت ایف ایم ڈی فری کمپارٹمنٹس کے قیام پر تفصیلی بریفنگ دی۔

انہوں نے بتایا کہ یہ کمپارٹمنٹس بیماری سے پاک لائیو سٹاک کی پیداوار، ٹریسی ایبلٹی کے نظام کو مضبوط بنانے اور بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی کے لیے سرٹیفیکیشن میں کلیدی کردار ادا کریں گے ۔

(جاری ہے)

ڈی جی (پروڈکشن) ڈاکٹر نعیم کنور نے سی ایم لائیو سٹاک فارم میکنائزیشن پراجیکٹ پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے سے لائیو سٹاک فارموں کی کارکردگی میں اضافہ، اور مجموعی پیداوار میں بہتری ممکن ہو رہی ہے۔

اجلاس میں برآمدات بڑھانے کے مختلف ذرایع پر بھی غور کیا گیا، جن میں چین جیسے ممالک سے تسلیم شدہ حیثیت حاصل کرنا شامل ہے، تاکہ پاکستان کی گوشت کی برآمدات کو عالمی سطح پر فروغ دیا جا سکے۔ اس موقع پر جانوروں کی بیماریوں کے پھیلا، پروسیسنگ سہولیات کی کمی اور ٹریسی ایبلٹی کے نظام میں موجود خامیوں جیسے چیلنجز پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی، جبکہ بین الاقوامی معیار، بیماری سے پاک سرٹیفیکیشن اور بائیو سکیورٹی اقدامات پر سختی سے عملدرآمد کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

صوبائی وزیر لائیو سٹاک نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ ایف ایم ڈی فری زونز میں پروسیسنگ یونٹس کے قیام کو تیز کیا جائے، کولڈ چین سسٹم کو مزید بہتر بنایا جائے اور بین الاقوامی معیارات پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ ایک جامع حکمت عملی اپناتے ہوئے بیماریوں کی نگرانی کے نظام کو مضبوط، ٹریسی ایبلٹی کو بہتر اور برآمدات کے فروغ کے لیے پالیسی اقدامات کو موثر بنایا جائے گا تاکہ پنجاب کو معیاری گوشت اور لائیو سٹاک مصنوعات کا ایک نمایاں برآمد کنندہ بنایا جا سکے اور ملکی زر مبادلہ نے اضافہ کیا جا سکے۔ اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل ڈاکٹر عثمان طاہر بھی موجود تھے۔