جی سی ویمن یونیورسٹی فیصل آباد کا چھٹا سالانہ کانووکیشن،2722 ڈگریاں تفویض

جمعہ 10 اپریل 2026 12:21

مکو آ نہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اپریل2026ء) گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی فیصل آباد میں چھٹے سالانہ کانووکیشن کی تقریب منعقد ہوئی ،جس میں 2,722 ڈگریاں تفویض کی گئیں۔ تقریب کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کنول امین (تمغہ امتیاز)نے بطور نمائندہ چانسلر/گورنر پنجاب کی حیثیت سے کی۔ تقریب میں ایم پی اے قدسیہ بتول، وائس چانسلر جی سی یو ایف، ریکٹر یونیورسٹی آف فیصل آباد، صدر چیمبر آف کامرس اور صدر ویمن چیمبر آف کامرس سمیت تعلیمی اور صنعتی شعبے کے معزز نمائندگان، سابق طالبات اور طالبات کے والدین نے شرکت کی۔

وائس چانسلر نے کامیاب گریجویٹس کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی ان کی محنت، لگن اور اساتذہ کی رہنمائی کا نتیجہ ہے اور امید ظاہر کی کہ یہ طالبات مستقبل میں ملک و قوم کی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے طالبات کو چیلنجز کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے،سوشل میڈیا کا ذمہ دارانہ استعمال اور محفوظ ڈیجیٹل شہری بننے کی بھی تلقین کی۔

اس موقع پر وائس چانسلر نے یونیورسٹی کی اہم کامیابیوں اور سالانہ رپورٹ پیش کی۔ انہوں نے یونیورسٹی کے ویژن پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ جی سی ویمن یونیورسٹی مستقبل سے ہم آہنگ ادارہ بننے کیلئے پرعزم ہے، جو پائیدار ترقی کے اہداف کے مطابق کام کر رہی ہے۔ یونیورسٹی نے اس موقع پر 2,722 ڈگریاں تفویض کیں، جن میں 12 پی ایچ ڈی، 148 ایم فل، 123 اے ڈی پی/بی ایڈ اور 2,439 بی ایس ڈگریاں شامل ہیں۔ نمایاں کارکردگی کے اعتراف میں یونیورسٹی نے 98 طالبات کو میڈلز سے نوازا، جن میں 32 گولڈ، 37 سلور اور 29 کانسی کے تمغے شامل تھے۔