مارچ 2026 میں پاکستان کو 3.8 ارب ڈالر کی ترسیلات زر موصول ہوئیں، 9 ماہ میں مجموعی ترسیلات زر 30.3 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں، خرم شہزاد

جمعہ 10 اپریل 2026 17:45

مارچ 2026 میں پاکستان کو 3.8 ارب ڈالر کی ترسیلات زر موصول ہوئیں، 9 ماہ میں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 اپریل2026ء) پاکستان کی ترسیلات زر میں حالیہ مہینوں کے دوران نمایاں اضافہ دیکھنے کو ملا ہے، جو ملکی معیشت کے استحکام اور حکومت پر عالمی اعتماد کا مظہر ہے۔ مشیر وزیر خزانہ خرم شہزاد کے مطابق، مارچ 2026 میں پاکستان کو 3.8 ارب ڈالر کی ترسیلات زر موصول ہوئیں، جو فروری کے مقابلے میں 17 فیصد زیادہ ہیں۔

ترسیلات زر کے یہ اعداد و شمار حکومت کی کامیاب سفارتکاری اور پائیدار معاشی اصلاحات کا نتیجہ ہیں، جو پاکستان کو ایک مضبوط اور بااعتماد اقتصادی قوت کے طور پر عالمی سطح پر متعارف کروا رہے ہیں۔ مشیر وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ مالی سال 2026 کے پہلے 9 ماہ میں مجموعی ترسیلات زر 30.3 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں، جو سالانہ بنیاد پر 8 فیصد زیادہ ہیں۔

(جاری ہے)

خرم شہزاد نے اس بات کی توقع بھی ظاہر کی کہ مالی سال 2026 کے اختتام تک ترسیلات زر 41 ارب ڈالر سے تجاوز کر جائیں گی، جو مالی سال 2025 کی 38 ارب ڈالر کی مقدار سے زیادہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی ملکی معیشت کی ترقی اور مالی استحکام میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔موجودہ عالمی حالات کے باوجود ترسیلات زر کی آمد میں استحکام برقرار ہے، اور حکام کو توقع ہے کہ مستقبل میں یہ مزید بڑھیں گی، جو پاکستان کی معیشت کے لیے ایک خوش آئند پیشرفت ہے۔