صدر لاہور چیمبر کا ہائیر ایجوکیشن کیلئے اپلائیڈ ریسرچ ایوارڈ کا اعلان

ہفتہ 11 اپریل 2026 22:31

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 اپریل2026ء) ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر نیاز احمد نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور صدر لاہور چیمبر فہیم الرحمٰن سہگل سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ایگزیکٹو کمیٹی ممبر عرفان قریشی، افتخار احمد ڈین گیریژن یونیورسٹی ڈاکٹر رضوانہ بشیر، کنوینر عمر سلیم، سجاد افضل، ذیشان سہیل ملک اور دیگر بھی موجود تھے۔

ملاقات میں تعلیم اور صنعت کے درمیان روابط کو مضبوط بنانے، تعلیمی نصاب کی بہتری اور نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ صدر لاہور چیمبر فہیم الرحمٰن سہگل نے کہا کہ تعلیم اور صنعت کو ایک دوسرے کے ساتھ ہم آہنگ کرنے کی ضرورت ہے تاکہ عملی دنیا کے تقاضوں کے مطابق افرادی قوت تیار کی جا سکے۔

(جاری ہے)

صدر لاہور چیمبر نے ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے لئے اپلائیڈ ریسرچ ایوارڈ کا بھی اعلان کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ تعلیمی نصاب کو نئی سمت دینے کی ضرورت ہے تاکہ یہ موجودہ دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہو سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو سامنے لانے اور ان کے پوٹینشل کو ایکسپلور کرنے کی ضرورت ہے۔ عالمی سطح پر ترقی کے لیے نوجوانوں پر خصوصی توجہ دینا ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک بڑی کنزیومر مارکیٹ ہے اور اس کی صلاحیتوں سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔

گزشتہ کئی سالوں سے برآمدات ایک ہی سطح پر برقرار ہیں جبکہ ترسیلات زر میں مسلسل اضافہ نوجوانوں کی صلاحیت اور محنت کا ثبوت ہے۔چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر نیاز احمد نے کہا کہ ہائیر ایجوکیشن سیکٹر میں نمایاں بہتری آئی ہے اور اصلاحات کا عمل جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی ترجیحات وقت کے ساتھ تبدیل ہو رہی ہیں اور نوجوانوں کو جدید سکلز فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ٹیکسٹائل یونیورسٹی میں ریسرچ بین الاقوامی معیار کے مطابق کی جا رہی ہے جبکہ ٹیکنیکل یونیورسٹیوں میں بہترین ذہن موجود ہیں جو مستقبل کی قیادت فراہم کریں گے۔انہوں نے بزنس کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ یونیورسٹیوں کے ساتھ مضبوط رابطہ قائم کرے تاکہ صنعت اور تعلیم کے درمیان خلا کو کم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے پاس نئے اور تخلیقی آئیڈیاز موجود ہیں جنہیں ایکسپلور کرنے کی ضرورت ہے۔