یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور کی سینڈیکیٹ کا اجلاس

ہفتہ 11 اپریل 2026 22:29

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 اپریل2026ء) یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (UET) لاہور کی سینڈیکیٹ کا 500واں سنگِ میل اجلاس وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر کی زیرِ صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں سینڈیکیٹ کے معزز اراکین نے بھرپور شرکت کی اور جامعہ کی تعمیر و ترقی سمیت طلبہ کو جدید سہولیات کی فراہمی کے لیے دور رس نتائج کے حامل فیصلے کیے۔

اجلاس میں طالب علموں اور عملے کی طبی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے نیو کیمپس (کالا شاہ کاکو) کے لیے ایک جدید اور تمام ضروری طبی آلات سے لیس نئی ایمبولینس کی خریداری کی منظوری دی گئی، تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طبی امداد کی فراہمی ممکن ہو سکے۔ تعلیمی و تحقیقی معیار کو عالمی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے سینڈیکیٹ نے مرکزی کیمپس کے لیے 350 نئے کمپیوٹرز کی خریداری کی بھی منظوری دی۔

(جاری ہے)

ان کمپیوٹرز کی مدد سے ایک جدید ترین کمپیوٹر لیب قائم کی جائے گی جو طلبہ کی تکنیکی و پیشہ ورانہ مہارتوں کو نکھارنے میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔ جامعہ کو مالی طور پر خود مختار بنانے اور بجلی کے بڑھتے ہوئے اخراجات پر قابو پانے کے لیے ایک بڑا فیصلہ لیتے ہوئے کالا شاہ کاکو کیمپس کو مکمل طور پر شمسی توانائی (Solar Energy) پر منتقل کرنے کی منظوری دی گئی۔

یہ منصوبہ نہ صرف بجلی کے بلوں میں خطیر بچت کا ذریعہ بنے گا بلکہ ماحول دوست توانائی کے فروغ میں بھی معاون ثابت ہوگا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر نے کہا کہ سینڈیکیٹ کا 500واں اجلاس جامعہ کی تاریخ میں ایک اہم مقام رکھتا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ یو ای ٹی انتظامیہ کا اولین مقصد طلبہ کو بین الاقوامی معیار کا تعلیمی ماحول اور جدید ترین سہولیات فراہم کرنا ہے تاکہ وہ ملکی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کر سکیں۔