کیٹل فارمنگ کو فروغ دیکر معاشی انقلاب برپا کیاجاسکتاہے،ڈائریکٹرلائیوسٹاک

منگل 14 اپریل 2026 17:11

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اپریل2026ء) ڈائریکٹرلائیوسٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ فیصل آبادڈاکٹر حیدر علی خان نے کہا ہے کہ مویشی پال حضرات کے ذریعے کیٹل فارمنگ کو فروغ دیکر معاشی انقلاب برپا کیاجاسکتاہے۔ منگل کو یہاں جاری اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت کیٹل فارمنگ کو جدید خطوط پر استوارکرنے کیلئے مویشی پال حضرات کو تمام سہولیات فراہم کررہی ہے لہٰذا مویشی پال حضرات اور زمینداروں و کاشتکاروں کو چاہیے کہ وہ اس ضمن میں حکومتی سہولیات سے بھر پور استفادہ یقینی بنائیں تاکہ جہاں و ہ دودھ و گوشت کی پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ کرکے اپنے لئے زیادہ مالی منافع حاصل کرنے کے قابل ہو سکیں وہیں دودھ و گوشت کی ملکی ضروریات کو پورا کرنے کے علاوہ اس سے مختلف مصنوعات تیارکرکے بیرون ممالک برآمد کرکے قیمتی زرمبادلہ بھی کمایاجاسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ ملک میں کیٹل فارمنگ کے وسیع امکانات موجود ہیں جن سے ہر ممکن استفادہ کیاجاسکتاہے۔انہوں نے کہاکہ کیٹل فارمنگ سے وابستہ افراد کی رہنمائی اور انہیں مشاورت کی فراہمی کیلئے جہاں کسان میلے منعقد کئے جارہے ہیں وہیں جدید لٹریچر کے ذریعے ان میں شعور و آگاہی بھی پیدا کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کی ساہیوال نسل کی گائے بین الاقوامی سطح پر خاص اہمیت رکھتی ہے جسے دنیا کے 19ممالک میں پیداواری لحاظ سے خاص مقام حاصل ہے۔