پنجاب یونیورسٹی شعبہ جینڈر سٹڈیز اورپنجاب پروبیشن اینڈ پیرول سروس کے مابین معاہدہ

منگل 14 اپریل 2026 22:44

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اپریل2026ء) پنجاب یونیورسٹی شعبہ جینڈرسٹڈیزاورپنجاب پروبیشن اینڈ پیرول سروس،لاہور کے زیر اہتمام مشترکہ فریم ورک کیلئے معاہدہ طے پا گیا۔ اس سلسلے میں مفاہمتی یادداشت پرشعبہ جینڈرسٹڈیز کی چیئرپرسن پروفیسرڈاکٹر روبینہ ذاکر اور پنجاب پروبیشن اینڈ پیرول سروس کے ڈائریکٹر جنرل محمد شاہد اقبال نے دستخط کیے۔

تقریب میں دونوں اداروں کے فوکل پرسنز، کنوینر ایکسٹرنل لنکجز شعبہ جینڈرسٹڈیز ڈاکٹرامبرین صلاح الدین اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر پی پی پی ایس عائشہ اللہ دتہ نے شرکت کی۔ معاہدے کا مقصد فوجداری نظامِ انصاف کے باہمی تعلق کے تناظر میں تحقیق، تربیت اور کمیونٹی انگیجمنٹ کو فروغ دینے کے لیے ایک مشترکہ فریم ورک قائم کرنا ہے۔

(جاری ہے)

اس شراکت داری میں جینڈرحساس بحالی، پروبیشن اور پیرول سٹاف کی استعداد کار میں اضافہ، طلبہ کی انٹرن شپ اور فیلڈ ورک کے ذریعے شمولیت اور مجرموں خصوصاً خواتین اور دیگر محروم طبقات کو درپیش بحالی کے مسائل کے حل کے لیے مشترکہ اقدامات شامل ہوں گے۔

پروفیسر ڈاکٹر روبینہ ذاکرنے محمد شاہد اقبال کی قیادت میں پی پی پی ایس کی جانب سے کیے گئے اقدام کو سراہاجبکہ محمد شاہد اقبال نے پی پی پی ایس کے ساتھ چیئرپرسن ڈاکٹر روبینہ ذاکر کے تعمیری کردار کا ذکر کیا۔یہ شراکت داری تعلیمی مہارت اور عملی بحالی کی کوششوں کو یکجا کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے، جس کامقصد پنجاب کے پروبیشن اور پیرول نظام میں ایک زیادہ جامع، منصفانہ اور جینڈر حساس نقطہ نظر کو فروغ دینا ہے۔تقریب میں نازیہ عبدالغفار، ندرت کمال اور پی پی پی ایس کے دیگر ٹیم ممبران نے بھی شرکت کی، جو ادارے کے مضبوط باہمی تعاون کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔