سوشل میڈیا پر بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کراچی کے نام سے چلنے والے فیک پیجز کا انکشاف

جمعرات 16 اپریل 2026 18:03

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2026ء) سوشل میڈیا پر بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کراچی کے نام سے چلنے والے فیک پیجز کا انکشاف ہوا ہے، تعلیمی معلومات کے نام پر متعدد فیک فیس بک گروپس کی نشاندہی کی گئی ۔بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کراچی نے جعلی سوشل میڈیا اکائونٹس کے خلاف کارروائی کے لیے نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی سے رجوع کرلیا۔

(جاری ہے)

خط میں لکھا ہے کہ فیک اکائونٹس کے خلاف فوری کارروائی کرکے انھیں بلاک کیا جائے اور طلبہ کو گمراہ کرنے والے سوشل میڈیا پیجز کے خلاف کریک ڈائون شروع کیا جائے، صرف ایک آفیشل میٹا ویریفائیڈ اکائونٹ مستند ہے جبکہ جعلی پیجز پر غلط معلومات کی وجہ سے طلبہ متاثر ہو رہے ہیں۔محکمے نے خط میں لکھا ہے کہ بورڈ کے نام سے 24 جعلی فیس بک اکائونٹس، 8 مختلف انسٹاگرام کے جعلی اکائونٹس جبکہ واٹس ایپ کا ایک جعلی اکائونٹ فعال ہے۔

جعلی اکانٹس کے ذریعے غلط تعلیمی معلومات پھیلانے کا خطرہ بڑھ گیا۔ایڈیشنل ڈائریکٹر این سی سی آئی اے طارق نواز کے مطابق بورڈ کے خط پر جعلی پیجز اور گروپس کے خلاف کاررروائی کا آغاز کر دیا ہے، جعلی پیجز اور گروپس کے ذریعے پیپر لیک ہونے کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔