سینئر آفیسر ناظم زراعت ملک محمد عامر 34 سالہ سروس کے بعد پیرانہ سالی کی تکمیل پر ملازمت سے ریٹائر ہوگئے

ہفتہ 18 اپریل 2026 15:30

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2026ء) محکمہ زراعت کے سینئر آفیسر ناظم زراعت ملک محمد عامر 34 سالہ سروس کے بعد پیرانہ سالی کی تکمیل پر ملازمت سے ریٹائر ہو گئے۔ انکی ریٹائرمنٹ پر محکمہ زراعت کی جانب سے پروقار تقریب زراعت کمپلیکس میں منعقد کی گئی۔ تقریب میں آزادکشمیر کے وزیر جنگلات سردار جاوید ایوب، ناظم اعلیٰ زراعت ولائیوسٹاک اعجاز احمد خان، ناظم اعلٰی آبپاشی وسمال ڈیمز خواجہ اعجاز احمد کے علاوہ محکمہ زراعت کے آفیسران اور سٹاف نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر جنگلات سردار جاوید ایوب نے کہا کہ ملک محمد عامر نے محکمہ زراعت کے لیے جو خدمات سرانجام دیں وہ ناقابل فراموش ہیں۔ ان جیسے پروفیشنل آفیسران ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں۔

(جاری ہے)

نئے آنے والے آفیسران بھی انکے نقش قدم پر چل کر اپنی صلاحیتوں میں مزید نکھار پیدا کریں۔ انہوں نے کہا کہ ریٹائرمنٹ کے بعد ایک آفیسر کی زندگی کا ایک نیا مرحلہ شروع ہوتا ہے، ملک محمد عامر کی آئندہ زندگی میں انکے لیے صحت، سلامتی اور نیک تمناؤں کے ساتھ انہیں رخصت کرنا چاہتا ہوں۔

لیکن ریٹائرمنٹ کے بعد بھی انکے تجربے سے استعفادہ حاصل کرتے رہیں گے۔ ریٹائر ہونے والے ناظم زراعت ملک محمد عامر نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے محکمہ زراعت کے آفیسران اور سٹاف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں نے اپنی زندگی کے 34 قیمتی سال محکمہ زراعت میں گزارے اور ہمیشہ کوشش کی کے محکمہ کو جدید خطوط پر استوار کرکے عوام کی خدمت کر سکوں۔

یہ محکمہ ہماری معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور مجھے فخر ہے کہ میں نے اس محکمہ میں اپنی سروس مکمل کی۔ اپنی سروس کے دوران میں نے دیانتداری سے کام کیا اور ہمیشہ میرٹ کو مقدم رکھا۔ آج میرا ضمیر مطمئن ہے کہ میں نے کبھی کوئی غلط کام نہیں کیا۔ میری ترقیابی کا آرڈر ریٹائرمنٹ سے صرف ایک دن قبل جاری ہوا جو شاید بہت پہلے جاری ہو جانا چاہئے تھا۔

لیکن اللہ کے ہر کام میں حکمت ہوتی ہے لیکن میری ارباب اختیار سے اپیل ہے کے آنیوالے آفیسران کو انکا حق بروقت دیا جائے تاکہ وہ ذہنی طور پر مطمئن ہو کر اپنے فرائض زیادہ بہتر انداز میں سرانجام دے سکیں۔ حکومت محکمہ زراعت کو فنڈز اور وسائل فراہم کرے تاکہ یہ محکمہ بھرپور انداز میں اپنی کارکردگی دیکھا سکے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے دیگر مقررین نے ناظم زراعت ملک محمد عامر کی سروس کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ زراعت ملک محمد عامر جیسے ایگریکلچر پروفیشنل کی سروسز کو تادیر یاد رکھے گا۔

انکی سروسز نئے آنے والے آفیسران کے لیے مشعل راہ کی حیثیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے ہمیشہ محکمہ زراعت کی ترقی اور بہتری کے لیے کام کیا۔ تقریب کے اختتام پر ملک محمد عامر کر انکی بہترین خدمات پر شیلڈ اور تحائف بھی پیش کیے ۔

متعلقہ عنوان :