HBL PSL کے 11ویں ایڈیشن میں آزاد جموں و کشمیر کی کرکٹ ٹیم کو بھی شامل کیا جائے،شرافت علی خلجی

منگل 24 مارچ 2026 16:01

HBL PSL کے 11ویں ایڈیشن میں آزاد جموں و کشمیر کی کرکٹ ٹیم کو بھی شامل کیا ..
مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مارچ2026ء) مرکزی سیکرٹری اطلاعات و نشریات مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ آزاد جموں و کشمیر شرافت علی خلجی نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ HBL PSL کے 11ویں ایڈیشن میں آزاد جموں و کشمیر کی کرکٹ ٹیم کو بھی شامل کیا جائے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کرکٹ کے حوالے سے زرخیز خطہ ہے جہاں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، مگر مناسب مواقع اور پلیٹ فارم نہ ہونے کے باعث یہ باصلاحیت کھلاڑی قومی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا نہیں منوا پا رہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل میں آزاد کشمیر کی ٹیم کی شمولیت نہ صرف مقامی کھلاڑیوں کے لیے ایک بڑا موقع ثابت ہوگی بلکہ اس سے پاکستان کرکٹ کو بھی نئے اور باصلاحیت کھلاڑی میسر آئیں گے۔شرافت علی خلجی نے مزید کہا کہ خطے کے نوجوانوں میں کرکٹ کا بے حد شوق پایا جاتا ہے اور اگر انہیں قومی سطح پر نمائندگی کا موقع دیا جائے تو وہ اپنی کارکردگی سے ملک و قوم کا نام روشن کر سکتے ہیں۔انہوں نے چیئرمین پی سی بی سے مطالبہ کیا کہ اس حوالے سے سنجیدگی سے غور کیا جائے تاکہ آزاد کشمیر کے نوجوانوں کو بھی برابر مواقع فراہم کیے جا سکیں۔