ہمارا مستقبل ہمارے طالبعلم ہیں انہیں جدید تعلیم کی فراہمی ہی پاکستان کے روشن مستقبل کی ضامن ہے‘ جہانگیر ترین

جمعرات 23 اپریل 2026 22:01

ہمارا مستقبل ہمارے طالبعلم ہیں انہیں جدید تعلیم کی فراہمی ہی پاکستان ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2026ء) جہانگیر خان ترین نے گورنمنٹ گریجویٹ کالج ماڈل ٹائون لاہور میں جدید کمپیوٹر لیب کا افتتاح کر دیا۔ ترین ایجوکیشن فائونڈیشن کی جانب سے قائم کردہ کمپیوٹر لیب کا مقصد طلبہ کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنا اور معیاری تعلیم تک رسائی کو فروغ دینا ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جہانگیر خان ترین نے جدید آئی ٹی تعلیم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آج کے دور میں آئی ٹی کی تعلیم کے بغیر ترقی ممکن نہیں اور حیران کن بات ہے کہ ہمارے بہت سے طلبا آج بھی کمپیوٹر لیب جیسی بنیادی سہولت سے محروم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ طلباء کی تعلیمی ترقی اور مضبوطی پورے ملک کی مضبوطی کا باعث بن سکتی ہے۔ ہمارا مستقبل ہمارے طالب علم ہیں اور انہیں جدید تعلیم کی فراہمی ہی پاکستان کے روشن مستقبل کی ضامن بن سکتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ تعلیم کے مواقع یکساں ہونے چاہئیں اور باوسائل طبقے کو حاصل سہولیات غریب اور متوسط طبقے کے بچوں کو بھی میسر ہونی چاہئیں کیونکہ مساوی مواقع ملنے سے ہی حقیقی تبدیلی ممکن ہے۔

جہانگیر خان ترین نے بتایا کہ لاہور میں قائم کی جانے والی کمپیوٹر لیبز میں بہترین کارکردگی دکھانے والے طلبا میں سے تین نمایاں طلبہ کو انعامات بھی دیئے جائیں گے۔ انہوں نے طلباء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اپنی سوچ کو بلند رکھیں، کیونکہ جب آپ مضبوط ہوں گے تو پاکستان بھی مضبوط ہوگا۔انہوں نے کمپیوٹر لیب کا تفصیلی دورہ بھی کیا اور طلبا کے ساتھ گفتگو کی۔

تقریب میں گروپ ڈائریکٹر فنانس، جے ڈی ڈبلیو محمد رفیق ، ڈی پی آئی کالجز پنجاب انصر اظہر ،ڈائریکٹر کالجز پنجاب احسن مختار، پرنسپل گورنمنٹ گریجویٹ کالج ماڈل ٹائون لاہور پروفیسر ڈاکٹر احسان علی اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ترین ایجوکیشن فائونڈیشن اکبر خان سمیت دیگر معزز شخصیات نے تقریب سے خطاب کیا۔گروپ ڈائریکٹر فنانس محمد رفیق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سماجی ترقی کے میدان میں جہانگیر خان ترین کی خدمات قابلِ ستائش ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ 1991ء سے جہانگیر ترین کے گروپ کے ساتھ وابستہ ہیں اور ان سے بہت کچھ سیکھا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ لودھراں میں 2.5ارب روپے کی لاگت سے ترین انسٹیٹیوٹ فار کمپیوٹر ایجوکیشن اینڈ ریسورسز اور آمنہ گرلز ڈگری کالج کے منصوبوں پر کام جاری ہے، جن کی مجموعی لاگت تقریباً 3.5 ارب روپے ہے۔چیف ایگزیکٹو آفیسر ترین ایجوکیشن فائونڈیشن اکبر خان نے کہا کہ ترین ایجوکیشن فائونڈیشن 2010ء سے معیاری تعلیم کی فراہمی کے لیے سرگرم عمل ہے اور مختلف منصوبوں کے ذریعے طلبا کو جدید تعلیمی سہولیات فراہم کر رہی ہے۔

ڈی پی آئی کالجز پنجاب انصر اظہر نے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ جہانگیر خان ترین کے مشکور ہیں کہ وہ طلبا کی بہتری کے لیے اپنے ذاتی وسائل بروئے کار لا رہے ہیں اور ایسے اقدامات تعلیمی نظام کی بہتری میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔