سعودی عرب کا عراق سے خلیجی سلامتی پر ذمہ دارانہ کردار ادا کرنے کا مطالبہ

ہفتہ 25 اپریل 2026 12:57

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2026ء) سعودی وزارتِ خارجہ نے مملکت کی جانب سے سخت ترین الفاظ میں اس واقعے کی مذمت اور برہمی کا اظہار کیا ہے ،جس میں کویت کی شمالی سرحدی حدود میں دو بری سرحدی مراکز کو ڈرون طیاروں کے ذریعے نشانہ بنایا گیا، یہ ڈرون مبینہ طور پر عراق سے آئے تھے۔

(جاری ہے)

سعودی عرب نے واضح کیا ہے کہ وہ کسی بھی ریاست کی خودمختاری کی خلاف ورزی اور خطے کے امن و استحکام کو خطرے میں ڈالنے کی سختی سے مخالفت کرتا ہے۔

ساتھ ہی اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ عراق کی حکومت کو خلیجی ممالک کو لاحق ان خطرات کے حوالے سے ذمہ داری کے ساتھ کارروائی کرنی چاہیے۔سعودی عرب نے کویت کے ساتھ اپنی مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کویتی حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور ان تمام اقدامات کی مکمل حمایت کرتا ہے جو کویت کی خودمختاری، سلامتی اور استحکام کے تحفظ کے لیے کیے جائیں گے۔